بی جے پی سے این سی پی کی مفاہمت خارج از بحث

مہاراشٹرا میں فرقہ پرست قوتوں کا مقابلہ کرنے کا عہد ، کانگریس سے اتحاد برقرار
ممبئی ۔3 فبروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزیر شردپوار کی قیادت میں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی ( این سی پی ) نے آئندہ لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کے ساتھ انتخابی مفاہمت کی افواہوں کو آج مسترد کردیا اور کہاکہ بجائے اس کے وہ مہاراشٹرا میں فرقہ پرست قوتوں کو آگے بڑھنے سے روکنے کی کوشش کریگی ۔ انتخابی حکمت عملی مرتب کرنے کیلئے منعقدہ مہاراشٹرا این سی پی قائدے کے اجلاس کے بعد این سی پی کے کارگذار صدر جیتندرا اوہاد نے کہا کہ ’’ہم فرقہ پرست قوتوں کے خلاف مقابلہ کی تیاری کررہے ہیں‘‘ ۔ انھوں نے اپنی پارٹی کو کٹر سیکولر قرار دیتے ہوئے کہا کہ این سی پی ایسا کوئی کام نہیں کریگی جس سے انتہاء پسند اور فسطائی قوتوں کو مدد مل سکتی ہے ۔ جتیندرا اوہاد نے کہا کہ ’’ہم کٹر سیکولر ہیں ۔ ہم سیکولرازم پر ایقان رکھتے ہیں اور سیکولر جماعتوں سے مفاہمت کریں گے ۔

کسی بھی فرقہ پرست جماعت کی کسی قیمت پر تائید نہیں کی جائے گی ۔ ہم ایسا کوئی کام نہیں کریں گے جس سے ان لوگوں کو مدد مل سکتی ہے جو فسطائی نظریہ پر یقین رکھتے ہیں ‘‘ ۔ این سی پی کے رکن اسمبلی اوہاد نے کہا کہ ان کی پارٹی کے سربراہ اور مرکزی وزیر شردپوار پہلے ہی واضح کرچکے ہیں کہ انتخابات کے دوران این سی پی بھی فرقہ پرست قوتوں کے خلاف صف آراء ہوگی ۔ انھوں نے کہا کہ ’’ہم کسی بھی صورت میں بی جے پی کے ساتھ کوئی مفاہمت نہیں کریں گے ‘‘ ۔ اوہاد نے کہا کہ ’’ہم کانگریس کے ساتھ ہیں اور کانگریس کے ساتھ رہیں گے ۔ ہمارا اتحاد یکساں نظریہ پر مبنی ہے ‘‘۔