بی جے پی سب سے بڑی جماعت کے طور پر ابھرے گی : اوپنین پول

نئی دہلی ۔ 22 ۔ فروری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : بی جے پی مجوزہ لوک سبھا انتخابات میں 217 نشستوں کے ساتھ واحد بڑی جماعت کے طور پر ابھرے گی جب کہ کانگریس صرف 73 نشستیں حاصل کرسکتی ہے ۔ اے بی پی نیوز ۔ نیلسن سروے کے مطابق بی جے پی کو 217 اور این ڈی اے کو 236 نشستیں حاصل ہوں گی ۔ اوپنین پول میں خاص طور پر اس بات کی نشاندہی کی گئی ہے کہ جنوری میں کئے گئے سروے کے مقابلہ این ڈی اے کو 10 نشستیں زیادہ حاصل ہوئی ہیں ۔ کانگریس صرف 73 نشستوں تک محدود ہوجائے گی اور عام آدمی پارٹی کو 10 لوک سبھا نشستوں پر کامیابی ملے گی ۔ توقع ہے کہ جنوب میں کانگریس کا بہتر مظاہرہ رہے گا اور عام آدمی پارٹی کو شمالی ہند میں کامیابی حاصل ہوگی ۔ وزارت عظمیٰ امیدوار کی پسند کا جہاں تک تعلق ہے نریندر مودی کی 57 فیصد سے زائد نے تائید کی اور راہول گاندھی کو پسند کرنے والوں کی تعداد 18 فیصد ہے ۔ اروند کجریوال کے حق میں صرف تین فیصد نے ووٹ دیا ۔ عوام نے افراط زر کو سب سے بڑا مسئلہ قرار دیا جس سے ان کی روزمرہ کی زندگی متاثر رہی ۔ کرپشن کو دوسرا سب سے بڑا اور بے روزگاری کو تیسرا اہم مسئلہ قرار دیا گیا ۔یہ اوپنین پول /4 اور /15 فبروری کے درمیان منعقد کیا گیا جس میں یہ پیش کی گئی ہے کہ وفاقی محاذ کانگریس کو تقریباً 186 نشستوں پر شکست دے گا ۔