بی جے پی زیراقتدار ریاستوں کی کارکردگی پر تنقید : سیسوڈیہ

نئی دہلی 27 فروری (سیاست ڈاٹ کام) ترقی کے ’’گجرات کے نمونے‘‘ پر تنقید کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی کے سینئر قائد منیش سیسوڈیہ نے آج بی جے پی کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہاکہ وہ اِس بات کو یقینی بنائیں گے کہ کاروباری طبقہ اور عوام کو بی جے پی زیراقتدار ریاستوں میں ’’چور‘‘ نہ سمجھا جائے۔ اُنھوں نے کہاکہ نریندر مودی کو یقینی بنانا چاہئے کہ کاروباری طبقہ اور عوام کو بی جے پی زیراقتدار ریاستوں میں چور نہ سمجھا جائے۔ اُنھیں اِس بات کو بھی یقینی بنانا چاہئے کہ بی جے پی کی حکومتیں اور عہدیدار اپنا انداز کارکردگی تبدیل کردیں۔ وہ سی آئی آئی کی ایک تقریب کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ اُنھوں نے کہاکہ بی جے پی زیراقتدار ریاستوں میں خانگی تاجر طبقہ کو چور سمجھا جاتا ہے۔ ہم دیگر ریاستوں میں مختلف تصویر نہیں دیکھتے۔ باقی پورے ملک میں اُن کی یکساں شبیہ ہے۔ اُنھوں نے یقین ظاہر کیاکہ دہلی میں ایک بار پھر اُن کی پارٹی حکومت تشکیل دے گی۔ عوام دوست تمام اقدامات عام آدمی پارٹی حکومت دوبارہ شروع کرے گی۔

بی جے پی کو اقتدار سے دور رکھنے
مسلمانوں سے مایاوتی کی اپیل
متھرا 27 فروری (سیاست ڈاٹ کام) بہوجن سماج پارٹی انتخابات کے پیش نظر اپنی حکمت عملی کے ایک حصہ کے طور پر برہمن رائے دہندوں اور مسلمانوں سے ربط پیدا کررہی ہے جبکہ بی جے پی کی جانب سے یو پی میں اپنے احیاء کی علامات نظر آرہی ہیں۔ برسر اقتدار سماج وادی پارٹی سے مظفر نگر فسادات کے بعد مسلمانوں میں مایوسی کی لہر کو بی ایس پی اپنے لئے ایک سنہرا موقع تصور کررہی ہے۔ پارٹی کی صدر مایاوتی کے قریبی ساتھی نے کہاکہ مسلمان غالباً بی ایس پی کا ساتھ دیں گے کیونکہ وہ مودی کو اقتدار سے دور رکھنے کے لئے اپنے ووٹ کا حکمت عملی کی بنیاد پر استعمال کریں گے۔ بی جے پی کی حریف کے طور پر بی ایس پی نے برہمن رائے دہندوں سے آئندہ انتخابات سے قبل ربط پیدا کرنے کا بھی منصوبہ بنایا ہے اور اعداد و شمار بی ایس پی کے حق میں معلوم ہوتے ہیں۔