بی جے پی زیراقتدار ریاستوں میں 151 وزراء میں صرف ایک مسلم وزیر

نئی دہلی۔ 5 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) صرف لوک سبھا میں ہی مسلم نمائندگی انحطاط پذیر نہیں ہوئی بلکہ ریاستی اسمبلیوں میں بھی یہ انحطاط تیز رفتار سے پھیلتا جارہا ہے۔ روزنامہ ’’دی ہندو‘‘ نے کہا کہ 9 ریاستوں میں جہاں بی جے پی یا تو برسراقتدار ہے یا مخلوط حکومت میں شریک ہے، جیسے مہاراشٹرا، ہریانہ، مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ، راجستھان، گجرات، گوا، آندھرا پردیش میں مسلمانوں کی آبادی کے تناسب سے انہیں وزارتی قلمدان حاصل نہیں ہے، ان کے صرف 1359 ارکان اسمبلی ہیں چنانچہ ان ریاستوں میں مسلمان آبادی کے صرف 8 فیصد کی نمائندگی کرتے ہیں۔ ارکان اسمبلی جملہ رکنیت کا 2 فیصد سے بھی کم ہے۔ وزارتی سطح پر 151 کابینی وزراء اور 9 وزرائے مملکت بی جے پی زیراقتدار ریاستوں میں ہیں۔ ان میں سے صرف ایک مسلم وزیر ہے اور وہ راجستھان کے یونس خان ہیں۔