نئی دہلی8 اگست (سیاست ڈاٹ کام)بی جے پی کی رکن پارلیمنٹ سادھوی ساویتری بائی پھولے نے یہ ادعا کرتے ہوئے کہ یو پی میں خواتین پر مظالم میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے کہا کہ حکومت یو پی کو برطرف کردینا چاہئے کیونکہ اکھیلش یادو زیر قیادت حکومت میں خواتین کو کوئی تحفظ حاصل نہیں ہے۔ لوک سبھا میں خواتین پر مظالم کے موضوع پر مباحثے میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یو پی میں نظم و قانون کی صورتحال مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے اس لئے وہ حکومت یو پی کی برطرفی کا مطالبہ کررہی ہے ۔ انہوں نے دعوی کیا کہ یو پی کے عوام کو اسی وقت راحت حاصل ہوگی جبکہ سماجوادی پارٹی حکومت برطرف کردی جائے گی اور اس کی جگہ بی جے پی زیر قیادت حکومت اقتدار سنبھالے گی۔ ترنمول کانگریس کی رکن رتنا دے ناگ نے کہا کہ فوجداری نظام انصاف میں پائے جانے والی کوتاہیوں کو دور کرنا ضروری ہے تا کہ خواتین پر ظلم کرنے والوں کو سزا دی جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ اصل مسئلہ مجرموں کو سزا دینے کا یہ ہے کہ موجودہ قوانین کا نفاذ نہیں ہورہا ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ قوانین کو سختی سے نافذ کیا جائے ۔ بی جے پی کی رکن پارلیمنٹ پونم مہاجن نے مطالبہ کیا کہ قومی کمیشن برائے خواتین کو خود اختیار ی دی جائے اور اتنے اختیارات سپرد کئے جائیں جتنے کہ قومی انسانی حقوق کمیشن کو حاصل ہیں۔