ممبئی 7 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) این سی پی نے چیف منسٹر دیویندر فرنویس کی بی جے پی رکن اسمبلی کے جاریہ ہفتہ تبصرہ پر کہ وہ لڑکیوں کا اغواء کریں گے تاکہ لڑکوں کو شادی کرنے میں مدد مل سکے، خاموشی اختیار کرنے پر اعتراض کیا۔ این سی پی نے فرنویس سے سوال کیاکہ کیا رکن اسمبلی کے اِس رجحان سے برسر اقتدار بی جے پی کی منظوری کا اظہار ہوتا ہے۔ این سی پی نے حکومت سے 56 سوالات پوچھے ہیں کیوں کہ نریندر مودی نے 56 انچ سینہ ہونے کا دعویٰ کیا تھا۔ 2014 ء کے عام انتخابات سے قبل مودی نے دعویٰ کیا تھا کہ 56 انچ کا سینہ ملک کو درپیش مسائل کی یکسوئی کرسکتا ہے۔ مہاراشٹرا این سی پی کے صدر جیئنت پاٹل اور پارٹی قائدین اجیت پوار، سپریہ سولے، دھننجے مونڈے، نواب ملک اور دیگر نے اپنی مہم کے ایک حصہ کے طور پر اپنے ٹوئٹر پر یہ سوالات کئے ہیں۔