نامعلوم حملہ آوروں کی اندھا دھند فائرنگ، کوئی زخمی نہیں ہوا
میرٹھ 27 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) نامعلوم بندوق برداروں نے بی جے پی کے رکن اسمبلی سنگیت سوم کی میرٹھ رہائش گاہ پر بم پھینکا اور اندھا دھند فائرنگ کی۔ سنگیت سوم مظفر نگر فسادات کیس میں ملزم ہیں۔ آج صبح کی اولین ساعتوں میں یہ حملہ کیا گیا۔ پولیس نے کہاکہ اس حملے میں کوئی بھی زخمی نہیں ہوا ہے۔ یہ حملہ رات ایک بجے کے قریب کیا گیا۔ اس حملے کے بعد پانچ پولیس ملازمین کو معطل کردیا گیا ہے۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس میرٹھ دھکیش کمار نے کہاکہ بی جے پی رکن اسمبلی کی سکیورٹی کے لئے پانچ پولیس ملازمین کو تعینات کیا گیا تھا جو Z.Cat زمرہ میں ہیں۔ انھیں پولیس تحفظ دیا گیا ہے۔ پولیس ملازمین کو اپنے فرائض سے غفلت برتنے کے باعث معطل کیا گیا۔ ان پولیس ملازمین نے حملے کے وقت کوئی جوابی کارروائی بھی نہیں کی تھی۔ معطل شدہ پولیس ملازمین میں ہیڈ کانسٹبل ستبیر سنگھ اور کانسٹبل ستیندر سنگھ، سنجیو بھارتی، سرجیت سنگھ اور بنیش کمار شامل ہیں۔ عہدیداروں نے کہاکہ یہ حملہ آور عین اُس وقت وہاں پہونچے جب رکن اسمبلی اپنے گھر واپس ہوئے تھے۔ حملہ آوروں نے گھر پر اندھا دھند فائرنگ کی۔ فرار ہونے سے قبل گرینائیڈ پھینکا۔ عہدیداروں نے کہاکہ تاہم یہ بم پھٹ نہیں سکا۔ ملزمین کی شناخت نہیں ہوسکی اور نہ ہی اس حملے کا مقصد معلوم ہوسکا ہے۔