بی جے پی رکنیت سازی مہم میں تمام طبقات کی شمولیت پر زور

نئی دہلی ۔ یکم نومبر (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی نے آج رکنیت سازی مہم کی شروعات کی جس کے درمیان وزیراعظم نریندر مودی نے اسے تمام طبقات کو شامل کرتے ہوئے کامیاب بنانے پر زور دیا تاکہ سماج کے ہر گوشہ کو یہ احساس ہوجائے کہ ان کے ’’پھول‘‘ کی کثرت میں وحدت کے اس ’’شاندار گلدستہ‘‘ میں نمائندگی ہورہی ہے۔ تجدید شدہ مہم میں پارٹی کی رکنیت حاصل کرنے والے پہلے شخص بنتے ہوئے مودی نے کہا کہ بی جے پی ورکرس کو سخت محنت کرنا چاہئے جیسا کہ انتخابی مہم کے دوران کی جاتی ہے اور اس مہم کو دنیا بھر میں سب کے لئے حوصلہ مند بنانا چاہئے۔

انہوں نے اس مہم کا یہاں بی جے پی ہیڈکوارٹرس میں منعقدہ تقریب میں آغاز کرتے ہوئے کہا کہ سیاست کے لئے عام ایجی ٹیشن کا دور ایسا لگتا ہے کہ ختم ہوگیا ۔ اب عوام پارٹیوں سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ عوامی زندگی میں نمایاں رول ادا کریں۔ یہ نشاندہی کرتے ہوئے کہ ہندوستان کثرت میں وحدت سے مالا مال ہے، مودی نے کہا کہ بی جے پی کو اس کی عکاسی کرنا چاہئے اور سماج کے ہر طبقہ کو ایسا احساس ہونا چاہئے کہ بی جے پی میں ان کی نمائندگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بی جے پی کی رکنیت حاصل کرنا مشکل تھا لیکن اب پارٹی کی جانب سے اختیار کردہ عصری انقلاب کے سبب یہ کام آسان تر ہوچکا ہے۔ انہوں نے پارٹی کیڈرس کو دیگر پارٹیوں کے تعلق سے فکرمند نہ ہونے کی تلقین کی اور استدلال پیش کیا کہ بی جے پی پہلے ہی بڑی سبقت حاصل کرچکی ہے۔ ’’آپ اپنا سب کچھ اس مہم میں جھونک دیجئے جیسا کہ آپ انتخابی مہم کے دوران کرتے ہیں۔ یہ مہم دنیا بھر میں پارٹیوں کیلئے تحریک کا باعث بن جانی چاہئے‘‘۔