بی جے پی ذہنوں میں تعصب پیدا کررہی ہے:انتونی

کوچی 6 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) کیرالا میں بی جے پی کے تیسرا محاذ قائم کرنے کے اقدام پر فکرمند برسر اقتدار کانگریس زیرقیادت یو ڈی ایف نے آج اپنی قیادت کی ایک چوٹی کانفرنس منعقد کی، جس میں اے کے انٹونی کی زیرقیادت قائدین نے بھگوا تنظیموں پر الزام عائد کیاکہ وہ عوام کے ذہنوں میں فرقہ پرستی کا زہر گھول رہے ہیں۔ نریندر مودی حکومت کا یہی ایجنڈہ ہے۔ واضح طور پر بھگوا تنظیموں کی ایک وسیع تر سیاسی وجود ریاست میں قائم کرنے کی کوششوں کو غیر اہم قرار دیتے ہوئے یو ڈی ایف قیادت کی چوٹی کانفرنس میں جس کی صدارت چیف منسٹر کیرالا اومن چانڈی کررہے تھے، اعلان کیا گیا کہ کیرالا میں تیسرے محاذ کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ یہاں صرف دو قطبی سیاست جاری رہ سکتی ہے۔ سی پی آئی (ایم) زیرقیادت ایل ڈی ایف اُن کا اصل حریف ہے۔ آئندہ ماہ کیرالا میں مجالس بلدیہ کے انتخابات مقرر ہیں۔ کیرالا کانگریس (ایم) ، آر ایس پی، جے ڈی (یو) اور کانگریس کے اعلیٰ سطحی قائدین نے کہاکہ وزیراعظم نریندر مودی اپنے مصروف پروگرام کے باوجود ایک شعبہ قائم کرچکے ہیں جو کیرالا میں تبدیلیوں کی نگرانی کرے گا۔ وہ کیرالا میں کامیابی حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ یہاں کی فرقہ وارانہ ہم آہنگی مشہور ہے۔ اے کے انٹونی نے چوٹی کانفرنس کا افتتاح کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ اِس چوٹی کانفرنس میں کانگریس کے اعلیٰ سطحی قائدین اور یو ڈی ایف کے حلیف مسلم لیگ، کیرالا کانگریس (این) اور آر ایس پی اور جے ڈی (یو) شامل ہیں۔