گوپال گنج ( بہار ) ۔ یکم فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی پر سخت تنقید کرتے ہوئے چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے آج کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں اس پارٹی کے حق میں کسی طرح کی کوئی لہر نہیں ہے اور یہ پارٹی خود اپنی دنیا میں دن کے خواب دیکھنے میں مصروف ہے ۔ نتیش کمار نے یہاں جنتادل یو کی سنکلپ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کے کارکن اپنی ہی دنیا میں مگن ہیں اور وہ دن کے خواب دیکھ رہے ہیں۔
انہوں نے دونوں پارٹیوں کے اتحاد کے خاتمہ کیلئے بی جے پی کو ذمہ دار قرار دیا اور کہا کہ بی جے پی نے یکساں سیول کوڈ ‘ ایودھیا مسئلہ کی یکسوئی جیسے امور پر متفقہ اصولوں سے انحراف کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی نے پہلے ہی واضح کردیا تھا کہ ملک کا وزیر اعظم ایسا شخص ہونا چاہئے جو اجتماعی ترقی میں یقین رکھتا ہو اور پسماندہ ریاستوں کو آگے بڑھانے کا پابند ہو ۔ انہوں نے کہا کہ ہم دوسروں کو خوش رکھنے کیلئے اپنے ضمیر کو دھوکہ نہیں دے سکتے ۔ انہوں نے نریندر مودی کو بی جے پی وزارت عظمی امیدوار نامزد کرنے کے مسئلہ پر بی جے پی سے اتحاد کے خاتمہ کی اپنی تقریر کے دوران پر زور مدافعت کی ۔