بی جے پی حکومت بہار کو کمزور کرنے کوشاں

پٹنہ۔/12جون، ( سیاست ڈاٹ کام ) جے ڈی ( یو ) کے ایک سینئر وزیر نے بی جے پی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی، جے ڈی ( یو ) کی صفوں میں بغاوت پیدا کرنے کی سعی کررہی ہے تاکہ حکومت کو کمزور کیا جاسکے۔ وزیر برائے تغذیہ و تحفظ صارفین شیام راجک نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بہار میں جتن رام مانجھی کی قیادت والی حکومت کو کمزور کردینے کی کوششیں شروع ہوگئی ہیں جس کے پس پشت کوئی اور نہیں بلکہ بی جے پی کے سینئر قائدین اور سابق نائب وزیر اعلیٰ سشیل کمار مودی ہیں۔ یاد رہے کہ مسٹر راجک کو سابق وزیر اعلیٰ نتیش کمار کا قریبی رفیق تصور کیا جاتا ہے۔ انہوں نے ادعاء کیا کہ بی جے پی، جے ڈی ( یو ) کی صفوں میں بغاوت پیدا کرنا چاہتی ہے جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ آزاد امیدوار وں انیل شرما، صابر علی اور دلیپ جیلوال کے کاغذات نامزدگی میں بی جے پی کے کئی قائدین کی دستخطیں موجود ہیں۔

کار کی ٹکر میں اومابھارتی کا ڈرائیور زخمی
نئی دہلی۔/12جون،( سیاست ڈاٹ کام ) نئی دہلی میں پارلیمنٹ ہاؤس سے باہر بی جے پی لیڈر و دہلی ایم پی پرویش ورما کی کار کے مرکزی وزیر اوما بھارتی کی اسکارٹ کار سے ٹکر ا جانے پر تین افراد بشمول دو پولیس اہلکار زخمی ہوگئے لیکن حادثہ کے وقت دونوں ہی قائدین اپنی اپنی کاروں میں موجود نہیں تھے۔ بادی النظر میں ورما کا ڈرائیور نوین ٹویوٹا فار چونر وجے چوک کے قریب رانگ سائیڈ پر چلارہا تھا۔ پولیس نے ڈرائیور کے خلاف لاپرواہی سے ڈرائیونگ کا معاملہ درج کرتے ہوئے گرفتار کرلیا۔ زخمی ہونے والے اوما بھارتی کے ڈرائیور دینیش اور ہیڈ کانسٹبلس سریش اور کانسٹبل ترلوک کو آر ایم ایل ہاسپٹل لیجایا گیا جہاں ان کی حالت خطرہ سے باہر بتائی گئی ہے۔