بی جے پی حامیوں کی این ایس یو آئی سے جھڑپ

بائیں بازو کا سیاہ پرچم لہرا کر مرکزی وزیر کا استقبال
پٹنہ ۔ 4 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) گوپال گنج قصبہ (بہار) کے مضافات میں آج بی جے پی حامیوں اور کانگریس کے طلبہ شعبہ این ایس یو آئی کے کارکنوں میں جھڑپ ہوگئی۔ بعض بائیں بازو کے گروپ بھی اس جھڑپ میں شامل ہوگئے جنہوں نے مرکزی وزیر سمرتی ایرانی کا استقبال سیاہ پرچم لہرا کر کیا تھا جو اس راستہ سے گذر رہی تھیں۔ ایرانی یووا سنکر سمیلن سے خطاب کرنے کیلئے گوپال گنج کے منز اسٹیڈیم جارہی تھی جبکہ این ایس یو آئی اور بائیں بازو کے کارکنوں نے علحدہ علحدہ طور پر ان کے خلاف اور نریندر مودی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ ایس ای ؍ ایس ٹی قانون اور دلتوں، قبائیلیوں اور دیگر پسماندہ طبقات کو تحفظات کے بارے میں مودی حکومت کی پالیسیوں کی مخالفت کی۔ جھڑپ کے نتیجہ میں مرکزی وزیر کے موٹروں کے قافلہ میں رکاوٹ پیدا ہوئی۔ بعدازاں جھڑپ میں شامل کارکن منتشر ہوگئے۔ پولیس کے بموجب اس واقعہ کے سلسلہ میں کوئی گرفتاری عمل میں نہیںآئی۔ ایرانی کے ہمراہ ریاستی بی جے پی قائدین جیسے وزیرصحت منگل پانڈے اور بی جے وائی ایم کے ریاستی صدر رکن اسمبلی نتن نبین تقریب میں شرکت کیلئے منز اسٹیڈیم جارہے تھے۔ یہ اسٹیڈیم گاندھی میدان میں ضلع سیوانگ سے متصل واقع ہے۔