جموں۔ 7؍دسمبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ بی جے پی کو سرمایہ داروں کی پارٹی قرار دیتے ہوئے بی ایس پی کی سربراہ مایاوتی نے آج الزام عائد کیا کہ بھگوا پارٹی زیر قیادت مرکزی حکومت تحفظات کے ادارہ کا صفایا کرنا چاہتی ہے جو پسماندہ عوام کے فائدے کے لئے قائم کیا گیا تھا۔ اس سے انتخابات کے دوران پارٹی کو فنڈس حاصل ہوسکیں گے۔ انھوں نے کہا کہ سات ماہ قبل برسراقتدار آنے کے بعد بی جے پی حکومت نے پارلیمنٹ میں ایسے بِل منظور کئے ہیں جن سے صرف سرمایہ داروں اور بڑے کاروباری گھرانوں کو فائدہ ہوسکتا ہے۔ یوپی کی سابق چیف منسٹر نے بی جے پی پر الزام عائد کیا کہ وہ سرمایہ داروں کی مدد اور تائید سے برسراقتدار آئی ہے اور اب احسان کا بدلہ چکارہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے بی جے پی کے قیام کے وقت سے اس نے صرف پارلیمنٹ میں قوانین میں ایسی ترمیمات کی ہیں جن سے سرمایہ داروں کو فائدہ پہنچتا ہے۔ جموں و کشمیر کے بارے میں انھوں نے کہا کہ اس ریاست میں بڑے پیمانے پر کرپشن کا غلبہ ہے اور ریاستی عوام کو بنیادی انفراسٹرکچر سے بھی محروم رکھا گیا ہے۔ انھوں نے عوام سے اپیل کی کہ بی ایس پی کو ایک موقع دیں اور ان کے تمام مسائل حل ہوجائیں گے۔