بی جے پی ’بے جان ‘پارٹی بن گئی : یشونت سنہا

پونے ۔ 12 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) سابق مرکزی وزیر یشونت سنہا نے آج بی جے پی پر شدید تنقید کی اور کہا کہ بی جے پی اب بے جان پارٹی بن گئی ہے بلکہ یہ مردوں کی پارٹی بن گئی جہاں دو قائدین ہی پارٹی کی حکومت چلا رہے ہیں جبکہ دیگر انہیں چیلنج کرنے کیلئے خوفزدہ ہیں۔ انہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی کی قیادت میں تبدیلی کے امکان کو مسترد کردیا۔ حالیہ اسمبلی انتخابات میں ناکامی کے بعد بھی بی جے پی کو ہوش نہیں آئے گا۔ یشونت سنہا نے یہاں جے ایس کارندیکر میموریل لکچر دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کی قیادت میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی کیونکہ ہر کوئی اس قیادت سے ڈرتا ہے۔ بی جے پی میں بعض لوگ اکثر کانگریس پر ہی تنقید کرتے ہیں جبکہ بی جے پی خود ایک مردوں کی پارٹی بن گئی ہے۔ انہوں نے بظاہر امیت شاہ اور نریندر مودی کا حوالہ دیا۔ یشونت سنہا نے ان قیاس آرائیوں کو مسترد کردیا کہ مرکزی وزیر نتن گڈکری کو 2019ء کے لوک سبھا انتخابات کیلئے بی جے پی کا وزارت عظمیٰ کا امیدوار بنایا جارہا ہے۔ بی جے پی کے اندر مودی اور امیت شاہ کے خلاف کوئی بھی آواز نہیں اٹھا سکتا۔ یشونت سنہا نے مودی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہاکہ آج ملک کی صورتحال تبدیل ہوگئی ہے۔ بی جے پی کو ہر جگہ شکست کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ آر بی آئی گورنر ارجیت پٹیل کے استعفیٰ کے بارے میں انہوں نے کہا کہ بہتر یہی ہوتا کہ وہ اسی وقت استعفیٰ دیتے جب مودی حکومت آر بی آئی قانون کے دفعہ 7 کا اطلاق کررہی تھی۔