بی جے پی بقیہ چناؤ میں دھاندلیوں کیلئے کوشاں : کجریوال

وارانسی۔ 5 مئی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کجریوال نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی بقیہ انتخابات میں ’’دھاندلیوں‘‘ کی منصوبہ بندی کررہی ہے اور اشارہ دیا کہ اس پارٹی کے وزارت عظمیٰ امیدوار نریندر مودی نے الیکشن کمیشن کو اپنی حالیہ تنقیدوں کے ذریعہ شاید دفاعی انداز اختیار کرنے پر مجبور کیا ہے ۔ کجریوال نے ٹوئٹر پر کہا کہ مودی الیکشن کمیشن کو نشانہ بنارہے ہیں حالانکہ ای سی نے اُن کے تعلق سے نرم رویہ اپنا رکھا ہے اور اُن کی غلطیوں کو نظرانداز کررہا ہے ۔ عام آدمی لیڈر نے کہاکہ ذرائع بتاتے ہیں کہ بی جے پی انتخابات کے بقیہ مراحل میں دھاندلیوں کا منصوبہ رکھتی ہے ۔ اس لئے کیا مودی ای سی کو پہلے ہی دفاعی انداز اختیار کرنے پر مجبور کررہے ہیں ۔ عام آدمی پارٹی پہلے ہی الیکشن کمیشن سے رجوع ہوکر وارانسی میں اضافی سنٹرل فورسیس کی تعیناتی کیلئے نمائندگی کرچکی ہے جبکہ اُس کے والینٹیرس پر حملے ہوئے ہیں۔