بی جے پی ایم پی منوج تیواری کے گھر پر حملہ

کار کو ٹکر دینے پر دو بھائیوں کی برہمی ، ارکان عملہ کی پٹائی
نئی دہلی ۔ یکم مئی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) دہلی بی جے پی یونٹ کے صدر اور رکن پارلیمنٹ منوج تیواری کی رہائش گاہ پر مبنی حملے اور ان کے اسٹاف کے دو ارکان کو مبینہ زدوکوب کرنے والے دو افراد کو پولیس نے آج گرفتار کرلیا ۔ یہ دو افراد جو ایک دوسرے کے بھائی ہیں ایک کار میں سفر کررہے تھے کہ تیواری کے اسٹاف کے ایک رکن کی طرف سے چلائی جانے والی دوسری کار نے دیڑھ بجے شب لوئیٹن دہلی میں واقع بی جے پی رکن پارلیمنٹ کی رہائش گاہ کے باہر ٹکر دی تھی ۔ بعد ازاں دونوں بھائیوں نے اپنے دوستوں کو وہاں طلب کرلیا ۔ آہنی سلاخوں سے لیس ان کے دوست ایک ٹیمپو کے ذریعہ وہاں پہونچ گئے اور رکن پارلیمنٹ کے اسٹاف کو زدوکوب کیا ۔ عوام کے داخلہ کیلئے مختص گیٹ سے تیواری کی رہائش گاہ میں داخل ہونے والے حملہ آوروں نے گھر میں توڑ پھوڑ کی کوشش بھی کی ۔ اس واقعہ کے فوری بعد تیواری نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’’159 نارتھ ایونیو پر واقع میری رہائش گاہ میں 8 تا 9 افراد نے تھوڑپھوڑ کی ‘‘۔