نئی دہلی ۔ 31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے نئے صدر امیت شاہ نے آج ارکان پارلیمنٹ کو رائے دہندوں سے روابط منقطع کرلینے کے خلاف انتباہ دیا اور ہدایت دی کہ وہ آئندہ اسمبلی انتخابات سے پہلے رائے دہندوں کے ساتھ روابط برقرار رکھیں۔ چار ریاستوں میں اسمبلی انتخابات اور چند دیگر ریاستوں میں ضمنی انتخابات عنقریب مقرر ہیں۔ امیت شاہ پارٹی کا صدر بننے کے بعد پہلی بار ارکان پارلیمنٹ کے اجلا س سے خطاب کررہے تھے۔ اجلاس کی صدارت وزیراعظم نریندر مودی کررہے تھے۔ انہوں نے پہلے امیت شاہ کا ارکان پارلیمنٹ سے تعارف کروایا اور ارکان نے ان کا گرم جوش استقبال کیا۔
دہلی میں صدر راج کا سیاسی حل نکالے جانے کی توقع
نئی دہلی۔/31جولائی، ( سیاست ڈاٹ کام) مرکز نے آج توقع ظاہر کی کہ دہلی میں ایک مقبول حکومت کی تشکیل کیلئے بہت جلد راہ ہموار ہوجائے گی۔ سیاسی پارٹیاں اس سلسلہ میں ہونے والی تاخیر پر سوال اٹھارہی ہیں۔ دارالحکومت دہلی میں بھی انفراسٹرکچر کو کمزور بنایا جارہا ہے۔ لوک سبھا میں ندائی ووٹ سے دہلی بجٹ کی منظوری کے بعد وزیر فینانس ارون جیٹلی نے راجیہ سبھا میں ایک بحث کے دوران کہا کہ مجھے امید ہے کہ سیاسی پارٹیاں کوئی حل نکالیں گی یا پھر تازہ انتخابات کیلئے تیاریاں کی جائیں گی۔دہلی میں فبروری سے صدر راج نافذ ہے۔
نٹور سنگھ کے دعوے مارکٹنگ حربے: منموہن سنگھ
نئی دہلی۔/31جولائی، ( سیاست ڈاٹ کام ) سونیا گاندھی سے متعلق اپنی کتاب میں نٹور سنگھ کی جانب سے کئے گئے تبصرہ پر سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ نے رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ نٹور سنگھ دراصل گاندھی خاندان کے خلاف لب کشائی کرتے ہوئے اپنی کتاب کی مارکٹنگ کا حربہ اختیار کررہے ہیں۔ انہوں نے نٹور سنگھ اس استدلال کو مسترد کردیا کہ پی ایم او کی جانب سے فائیلوں کی منظوری کیلئے سونیا گاندھی کے پاس بھیجا جاتا تھا۔