نئی دہلی 10 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی نے آج اپنے ارکان پارلیمنٹ سے کہا کہ وہ اہم بلوں بشمول حصول اراضیات بل کی لوک سبھا میں منظوری اور راجیہ سبھا میں کوئلہ و کانکنی بلوں کی منظوری کیلئے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں سارا دن موجود رہنے کو کہا ہے ۔ پارٹی نے اپنے ارکان پارلیمنٹ کو پہلے ہی وہپ جاری کرتے ہوئے سارا ہفتہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں دن بھر موجود رہنے کو کہا ہے کیونکہ جاریہ ہفتے ایوان میں وہ بلز آنے والے ہیں جو حکومت کی جانب سے جاری کردہ آرڈیننس کو بدلنے والے ہیں۔ بی جے پی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں یہ بتاتے ہوئے وزیر پارلیمانی امور مسٹر ایم وینکیا نائیڈو نے ارکان پارلیمنٹ کو گذشتہ ہفتے ایوان میں انجام دئے گئے کاموں کی تفصیل سے واقف کروایا اور تجیوز کیا کہ آئندہ ہفتے کے دوران بھی بہت کام ہونے والے ہیں ایسے میں ارکان کو ان بلوں کی منظوری کو یقینی بنانے اپنا تعاون کرنا چاہئے ۔ وزیر اعم نریندر مودی بھی آج کے اجلاس میں موجود تھے تاہم انہوں نے اظہارخیال نہیںکیا ۔ وزیر دیہی ترقیات بریندر سنگھ نے حکومت کی جانب سے پیش کردہ حصول اراضیات بل میں مجوزہ ترامیم سے واقف کروایا ۔
وزیر فینانس ارون جیٹلی نے ارکان سے کہا کہ کوئلہ بلاکس الاٹمنٹ میں نقصانات کا سی اے جی نے جو تخمینہ لگایا تھا وہ درست ثابت ہو رہا ہے کیونکہ جملہ 204 کوئلہ بلاکس میں صرف 32 کے ہراج سے تقریبا دو لاکھ کروڑ روپئے حاصل ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح اسپیکٹرم الاٹمنٹ سے بھی حکومت کو 94,000 کروڑ روپئے کا مالیہ وصول ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی غیرمنطقی خیالات پیش کرتے ہوئے اس اسکام کو چھپانے کی کوشش کر رہی ہے ۔منسٹر آف اسٹیٹ پارلیمانی امور مختار نقوی نے بعد ازاں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو اس بات کی اجازت نہیں دی جائیگی کہ وہ حکومت کو اپنے ترقیاتی ایجنڈہ کو آگے بڑھانے سے روکیں۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ پریشانیوں کا شکار شکست خوردہ اپوزیشن جماعتیں حکومت کو اس کے ترقیاتی ایجنڈہ سے روکنے کی کوشش کر رہی ہیں
جو غریبوں ‘ نوجوانوں اور سماج کے دیگر طبقات کی بھلائی پر مشتمل ہے تاہم حکومت کو ایسا کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی ۔ نقوی نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر پارٹی ارکان پارلیمنٹ کو مختلف وزارتوں اور متعلقہ وزرا کی جانب سے تفصیلات سے واقف کروایا جائیگا ۔ اس سلسلہ میں وزیر برقی پیوش گوئل آج شام پارٹی ایم پیز کو اپنے شعبہ کے تعلق سے واقف کروائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ آدرش گرام یوجنا کے تعلق یس ارکان پارلیمنٹ سے کہا گیا ہے کہ وہ اسے ترجیحی بنیادوں پر لیں اور اسے آگے بڑھائیں۔ لوک سبھا میں حکومت نے حصول اراضیات بل پیش کردیا ہے جس پر مباحث جاری ہیں اور آج شام بھی اس پر رائے دہی ہوسکتی ہے ۔ اسی طرح کانکنی ترمیمی بل ‘ کوئلہ مائینس بل بھی راجیہ سبھا میں موضوع بحث آسکتے ہیں۔ واضح رہے کہ گذشتہ دنوں ایوان میں ارکان کی عدم موجودگی سے حکومت کو مشکل اور پریشان کن صورتحال کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔