بی جے پی ایم پیز حکومتی کارہائے نمایاں اجاگر کریں

وزیراعظم مودی کا پارلیمنٹری پارٹی کی میٹنگ سے خطاب۔ اڈوانی کی بھی شرکت
نئی دہلی ۔ 3 مئی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے اب جبکہ ان کی حکومت دو سال کی تکمیل کرنے والی ہے، آج اپنے بڑے حکومتی کارناموں کے طور پر مُدرا اسکیم، ایل پی جی سے استفادہ میں اضافہ اور گاؤں میں برقی سربراہی کی صراحت کی اور بی جے پی ارکان پارلیمنٹ سے کہا کہ ان کامیابیوں کو عوام تک پہنچائیں۔ پارلیمنٹری پارٹی کی میٹنگ نے جہاں حکومت اور پارٹی کی اعلیٰ قیادت شریک ہوئی، جن میں پارٹی کے سربراہ امیت شاہ شامل ہیں، وزیراعظم نے دہرایا کہ حکومت نے عوام سے جو عہد کیا تھا اس کی تکمیل ہوئی ہے۔

وزیرملکت برائے پارلیمانی امور راجیو پرتاپ روڈی نے اس میٹنگ کے بعد بتایا کہ وی وی آئی پی چاپر اسکام کا مسئلہ بھی پارلیمنٹری پارٹی میٹنگ میں اٹھایا گیا، جس پر بی جے پی نے کانگریس کی سربراہ سونیا گاندھی کو نشانہ بنایا ہے۔ اس معاملہ پر راجیہ سبھا میں کل اور لوک سبھا میں 6 مئی کو مباحث ہوں گے۔ آج کی میٹنگ میں مودی اور سینئر لیڈرایل کے اڈوانی نے بلراج مدھوک کو خراج عقیدت بھی پیش کیا، جو بھارتیہ جن سنگھ کے بانیوں میں سے تھے۔ وہ کل یہاں چل بسے۔ میٹنگ کی روداد سے میڈیا کو واقف کراتے ہوئے راجیو پرتاپ نے کہا کہ وزیراعظم نے نشاندہی کرائی کہ حکومت کے ساتھ ساتھ لوک سبھا ارکان اپنی میعاد کے دو سال مکمل کرنے جارہے ہیں۔ مدرا اسکیم، 18 ہزار دیہات کو برقی سربراہی کے جاریہ کام، ایل پی جی نیٹ ورک میں زائد از 3 کروڑ فیملیوں کو شامل کرنا اور سستے ایل ای ڈی لائٹس کی تقسیم اس حکومت کی بڑی کامیابیوں میں سے ہیں۔ انہوں نے ارکان سے کہا کہ عوام کو اس سے واقف کرائیں۔ مودی حکومت نے 26 مئی 2014ء کو حلف لیا تھا۔ مدھوک کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ انہوں نے چند روز قبل ہی ان سے بات کی تھی اور نظریہ و فلسفہ کے تئیں ان کے ارادوں کو ہمیشہ کی طرح مضبوط پایا تھا۔ اڈوانی نے بھی مدھوک کے ساتھ اپنی وابستگی کو یاد کیا اور کہا کہ ان کا پارٹی کی ترقی میں حصہ رہا ہے۔