بی جے پی اور کانگریس نے حکومت چلانے نہیں دی

دونوں جماعتیں مکیش امبانی کی حامی ، اروند کجریوال کا روڈ شو
نئی دہلی۔ 3 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی اور کانگریس کو ہدف تنقید بناتے ہوئے عام آدمی پارٹی لیڈر اروند کجریوال نے دہلی میں ان کی حکومت کے زوال کے لئے ان دو جماعتوں کو ذمہ دار قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں گیاس کی قیمت میں اضافہ کی مخالفت جاری رکھنے سے روکنے کی کوشش کی گئی۔ کجریوال نے کہا کہ بی جے پی اور کانگریس دونوں مکیش امبانی کی حمایت کررہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ انہوں نے ہمیں دہلی میں حکومت چلانے نہیں دی۔ دونوں جماعتیں چاہتی تھی کہ قدرتی گیاس کی قیمت میں اضافہ کیا جائے،

لیکن ہماری کوششوں کی وجہ سے ایسا نہ ہوسکا۔ کجریوال نے نارتھ ایسٹ دہلی حلقہ میں روڈ شو سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فروری میں اس وقت کی عام آدمی پارٹی حکومت نے وزیر پٹرولیم ایم ویرپا موئیلی، سابق وزیر مرلی دیورا اور امبانی کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا تھا۔ کجریوال نے اس یقین کا اظہار کیا کہ وارناسی اور امیتھی سے عام آدمی پارٹی کامیاب رہے گی جہاں سے نریندر مودی اور راہول گاندھی مقابلہ کررہے ہیں۔ اروند کجریوال خود مودی کے خلاف اور کمار وشواس، راہول گاندھی کے خلاف امیدوار ہیں۔ کجریوال نے کہا کہ 10 اپریل کے بعد وہ بی جے پی وزارتِ عظمیٰ امیدوار نریندر مودی کو شکست دینے کے لئے وارناسی جارہے ہیں۔ ہم نے سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کے خلاف بھی اپنا امیدوار کھڑا کیا ہے اور عوام کی تائید کے ساتھ ہم انہیں شکست دیں گے۔ روڈ شو کے دوران عوام کی کثیر تعداد جمع تھی ، یہاں تک کہ مکانات کی کھڑکیوں سے بھی لوگ کجریوال کا خیرمقدم کررہے تھے۔ بعض مقامات پر خواتین نے ان کی آرتھی اتاری اور گلپوشی کی ۔