عام آدمی پارٹی کو جگہ بنانے کا موقع دستیاب ہونے کا اعتراف
نئی دہلی 10 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) عام آدمی پارٹی کی کامیابی کو ذہن میں رکھتے ہوئے سینئر بی جے پی لیڈر مسٹر ارون جیٹلی نے آج بی جے پی اور نریندر مودی کو مشورہ دیا ہے کہ وہ انتخابی دوڑ میں سب سے آگے رہنے کی دوڑ میں ’’ شاذ و نادر ‘‘ ملنے والے موقع سے استفادہ میں چوک نہ جائیں۔ مسٹر جیٹلی نے مودی اور بی جے پی دونوں سے کہا کہ وہ بڑے آئیڈیاز کے ساتھ رائے دہندوں سے رجوع ہوں تاکہ عوام کے ذہنوں سے نئی سیاسی جماعت ہوا ہوجائے ۔ یہ اعتراف کرتے ہوئے کہ عام آدمی پارٹی کیلئے ملک کے کئی علاقوں میں اپنی جگہ بنانے کی گنجائش موجود ہے بی جے پی لیڈر نے تاہم کہا کہ دہلی میں حکومت تشکیل دینے کے بعد اس پارٹی کی کارکردگی زیادہ جذبہ والی نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کانگریس دور میں ہوئے بڑے اسکامس سے نظریں چراتے ہوئے معمولی کرپشن کے واقعات پر توجہ کئے ہوئے ہے۔ حالیہ اسمبلی انتخابات کا حوالہ دیتے ہوئے ارون جیٹلی نے کہا کہ کانگریس کی عوامی مقبولیت میں کمی کے بعد بی جے پی دوڑ میں سب سے آگے ہے ۔ اسے اپنی سرگرمی کی رفتار بڑھانی ہوگی اور ہر گھر میں داخلہ حاصل کرنا ہوگا ۔ بی جے پی کے سامنے اصل چیلنج اسے ہوئے انتخابی فائدہ کو مستحکم کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ’’ مودی برائے وزیر اعظم ‘‘ مہم کو ایجنڈہ برائے ہندوستان سے جوڑنا ہوگا اور یہ ایجنڈہ بہت مخصوص ‘ بہت واضح اور بڑے آئیڈیاز پر مشتمل ہونا چاہئے ۔
انہوں نے عام آدمی پارٹی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بڑے آئیڈیاز میں یہ صلاحیت ہوتی ہے کہ وہ نئی جماعت کو پس پشت ڈال دیں جو صرف معمولی کرپشن پر توجہ کئے ہوئے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے بی جے پی کیلئے شاذ و نادر ملنے والا موقع ہے اور ہم اسے گنوانے کی امید نہیں کرسکتے ۔ نریندر مودی کی صورت میں بی جے پی کے پاس سب سے زیادہ قابل قبول وزارت عظمی امیدوار ہے ۔ پارٹی اور اس کے لیڈر کو یقینی طور پر مستقبل کے ایجنڈہ کے بڑے آئیڈیاز کو عوام تک پہونچانا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کی حکومت صرف کرپشن کے معمولی واقعات پر توجہ کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ صرف ایک علامتی کارکردگی دکھا رہی ہے جس سے عام آدمی کے معیار زندگی میں کوئی تبدیلی نہیں آتی ۔ یہ ہتھکنڈے ہیں جن کا دیرپا اثر نہیں رہ سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ دہلی کی حکومت کے پاس دہلی کو ایک عالمی شہر میں تبدیل کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت دہلی کی توجہ ان گاڑیوں پر ہے جن میں اس کے وزرا گھوم رہے ہیں۔ ان گھروں پر ہے جن میں قیام کرتے ہیں۔ عوام میں مفت تقسیم پر ان کی توجہ ہے ۔ وہ چاہتے ہیں کہ عوام کو اپنی جانب راغب کیا جائے ۔ ہوسکتا ہے کہ کچھ علامتی اقدامات اہمیت کے حاملوں ہوں لیکن ان سے عام شہریوں کے معیار زندگی میںکوئی تبدیلی نہیں آسکتی ۔