پیلی بھیت (یو پی ) ۔ 2 ۔ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ایک مباحثہ کے انعقاد کے دوران بی جے پی اور عام آدمی پارٹی ورکرس میں مڈبھیڑ ہوگئی جس میں عام آدمی پارٹی نے بی جے پی پر الزام عائد کیا کہ بی جے پی ورکرس مباحثہ میں مسلح ہوکر آئے ہیں۔ یہ ایک ایسا الزام تھا جسے پولیس نے بھی بے بنیاد پایا ۔ پولیس نے بتایا کہ دونوں پارٹیوں کے درمیان ہوئی بحث و تکرار اور ٹکراؤ کے بعد دونوں پارٹی کے ورکرس کو پولیس نے حر است میں لے لیا لیکن بعد ازاں انہیں رہا کردیا گیا ۔ یاد رہے کہ ایک حانگی نیوز چینل کی جانب سے تمام سیاسی جماعتوں کیلئے ایک مباحثہ کا اہتمام ایک کالج گراؤنڈ میں کیا گیا تھا جہاں عام آدمی پا رٹی ورکرس نے کہا کہ بی جے پی ورکرس مبینہ طور پر مسلح ہیں اور اپنے ساتھ غیر قانونی طور پر ہتھیار لے کر آئے ہیں جس کے بعد دونوں پارٹیوں کے ورکرس ایک دوسرے سے گتھم گتھا ہوگئے لیکن پولیس کی بروقت مداخلت سے بات زیادہ آگے نہیں بڑھی اور بعد ازاں ورکرس کو کوتوالی پولیس اسٹیشن لایا گیا لیکن وہاں بھی ورکرس ایک دوسرے پر الزام تراشی کرتے رہے جس کے بعد پولیس نے انہیں حراست میں لے لیا لیکن بعد ازاں رہا بھی کردیا۔