بی جے پی اورآر ایس ایس میری شبیہ مذہب مخالف بنانے میں مصروف : راہول

اندور۔30 اکتوبر۔( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس صدر راہول گاندھی نے آج الزام لگایا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور راشٹریہ سوئم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے لوگ کافی عرصے سے میری شبیہ مذہب مخالف بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔راہول نے مدھیہ پردیش میں کچھ اخباری نامہ نگاروں اور ایڈیٹروں کے ساتھ بات چیت کے ایک پروگرام میں شرکت کی۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ان کی شبیہ مذہب مخالف بناتے وقت وزیراعظم نریندر مودی، بی جے پی صدر امت شاہ اور آر ایس ایس کے لوگ ایسا ظاہر کرتے ہیں جیسے ایک مخصوص مذہب کے سارے حقوق انہوںنے اپنے پاس رکھ لئے ہیں۔یہ لوگ خود کو ایک خاص مذہب کا ٹھیکیدار مانتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ وہ ہندوتووادی لیڈر نہیں ہیں بلکہ وہ ہرسماج کے مشترکہ لیڈر ہیں۔ راہول نے کہا کہ وہ اپنے تعلق سے پوری طرح واضح کردینا چاہتے ہیں کہ وہ ہندوستان کے کسی ایک مذہب کی نمائندگی نہیں کرتے ہیں۔ اس لئے وہ مندر، مسجد، گردوارہ، گرجا گھر اور سبھی مذہبی جگہوں پر جاتے ہیں۔ اُن کے مطابق ان کے عبادت خانوں پر جانے پر روایتی لباس پہنے والے کپڑوں کا یہ لوگ مذاق اڑاتے ہیں۔ لیکن انہیں ان سب سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے ۔ کانگریس صدر نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اگر انہیں موقع ملے توہ رام مندر بھی جائیں گے ۔ انہوںنے کہا کہ عبادت خانوں میں جانے سے شدت پسندی نہیں بلکہ خود اعتمادی مستحکم ہوتی ہے ۔