باغپت ۔ 10 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ممبئی پولیس کے سابق کمشنر اور باغپت کے بی جے پی امیدوار ستیہ پال سنگھ کی نامعلوم افراد نے ایک مرکز رائے دہی پر پٹائی کردی۔ پولیس کے بموجب ستیہ پال سنگھ ملک پور مرکز رائے دہی جو بداوت پولیس اسٹیشن کی حدود میں واقع ہے، گئے تھے تاکہ جاری رائے دہی کے عمل کا جائزہ لے سکیں۔ انہوں نے مرکز رائے دہی میں بعض کارکنوں پر اعتراض کیا تھا ان میں سے ایک نے ان پر حملہ کردیا۔ جس نتیجہ میں جھڑپ شروع ہوگئی۔
سپرنٹنڈنٹ پولیس جتیندر کمار شاہی نے اس کی اطلاع دی۔ دریں اثناء بی جے پی کے ترجمان وجئے بہادر پاٹھک نے لکھنؤ میں الزام عائد کیا کہ راشٹریہ لوک دل کے کارکن زبردست خشت باری میں ملوث تھے۔ اس سے ستیہ پال سنگھ کی کار تباہ ہوگئی۔ ستیہ پال سنگھ نے حفاظتی انتظامات کا مطالبہ کیا لیکن انہیں تحفظ فراہم نہیں کیا گیا۔ کانگریس اور اس کی حلیف آر ایل ڈی نے مایوسی کی وجہ سے ان پر حملہ کیا ہے۔ بی جے پی ان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کررہی ہے۔ ستیہ پال سنگھ کا مقابلہ راشٹریہ لوک دل کے صدر اجیت سنگھ سے ہے۔ باغپت کے انتخابی حلقہ میں دونوں کے درمیان سخت مسابقت ہے۔ باغپت آر ایل ڈی کے صدر اجیت سنگھ اور ان کے والد آنجہانی چرن سنگھ کا روایتی حلقہ انتخاب ہے جہاں سے وہ کئی سال سے منتخب ہوتے آرہے ہیں۔ بی جے پی اس حلقہ میں کامیابی حاصل کرکے ریاست ہریانہ میں قدم جمانا چاہتی ہے۔ کل بھی بی جے پی کی انتخابی مہم کے دوران نوجوانوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا تھا۔