آج احتجاجی مظاہرے ، مودی کو وارانسی میں ریالی کی اجازت پر تنازعہ
وارانسی ۔ 7 مئی (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی نے آج الیکشن کمیشن کے ساتھ پوری طرح محاذ آرائی کی تیاری کرلی ہے کیونکہ نریندر مودی کو ان کی پسند کے مقام پر جلسہ عام منعقد کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ پارٹی نے کل کے تمام پروگرامس منسوخ کرتے ہوئے احتجاجی مظاہروں کا منصوبہ بنایا ہے۔ الیکشن کمیشن نے رات دیر گئے ریالی (گنگا پوجن) کی اجازت دے دی لیکن پارٹی نے اسے قبول نہیں کیا ہے۔ بی جے پی نے الیکشن کمیشن پر شدید تنقید کرتے ہوئے ریٹرننگ آفیسر کے ’’انتہائی جانبدارانہ‘‘ رول پر ’’خاموش تماشائی‘‘ بنے رہنے کا الزام عائد کیا۔ ریٹرننگ آفیسر نے امکانی فرقہ وارانہ کشیدگی سے متعلق انٹلیجنس اطلاع پر یہ کارروائی کی ہے۔
الیکشن کمیشن نے بی جے پی کا الزام مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جانبداری یا بے عملی کا عذر قبول نہیں کیا جاسکتا اور کسی بھی عہدیدار کی جانبدارانہ حرکت پر سخت کارروائی کا وعدہ کیا۔ بی جے پی لیڈر ارون جیٹلی، امیت شاہ اور دیگر قائدین کے ساتھ کل احتجاجی مظاہرہ کیلئے وارانسی میں کیمپ کئے ہوئے ہے۔ اس کے علاوہ دہلی میں الیکشن کمیشن دفتر کے باہر بھی کل مظاہرے کئے جائیں گے۔ نریندر مودی کو جہاں اجازت نہیں دی گئی وہیں کانگریس ذرائع نے آج کہا کہ راہول گاندھی 10 مئی کو وارانسی میں روڈ شو منعقد کریں گے۔ یہ دراصل پیر کو امیتھی میں مودی کی ریالی کا جواب ہوگا۔ اس ضمن میں پولنگ حکام کو درخواست دے دی گئی ہے۔ ارون جیٹلی نے کہا کہ کل وارانسی میں تمام پروگرامس منسوخ کردیئے گئے ہیں اور صرف احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔ نریندر مودی کل وارانسی شہر پہنچنے کے بعد الیکشن آفس جائیں گے اور وہاں سے ایرپورٹ چلے جائیں گے۔ جیٹلی نے کہا کہ بی جے پی کل منعقد ہونے والے تین پروگرامس منسوخ کررہی ہے۔ بی جے پی نے پرہجوم وینیاباغ علاقہ میں کل جلسہ عام منعقد کرنے کی اجازت طلب کی تھی۔
یہ علاقہ فرقہ وارانہ کشیدگی کا ریکارڈ رکھتا ہے اور لا اینڈ آرڈر کا مسئلہ پیدا ہونے کا اندیشہ ہے۔ بی جے پی کا اصرار ہیکہ وہ اسی مقام پر ریالی منعقد کرے گی اور دوسرے مقام کیلئے تیار نہیں ہے۔ ارون جیٹلی نے وارانسی ریٹرننگ آفیسر پرنجل یادو کی فی الفور برطرفی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ کل بنارس ہندو یونیورسٹی کے باہر اور دہلی میں الیکشن کمیشن آفس کے روبرو دھرنا منظم کیا جائے گا۔ مقامی بی جے پی رکن اسمبلی شیام دیوراج چودھری نے پہلے ہی ضلع حکام کے دفتر کے باہر دھرنا شروع کردیا ہے۔ اس دوران دہلی میں بی جے پی نائب مختار عباس نقوی نے کہا کہ مودی کو روکنے کیلئے ایک سازش کے تحت اس طرح کی رکاوٹیں کھڑی کی جارہی ہیں۔