بی جے پی اقتدار کیلئے فرقہ وارانہ نفرت پھیلا نے میں مصروف

کشن گنج۔ 30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) صدر کانگریس سونیا گاندھی نے بی جے پی پر شدید تنقید کرتے ہوئے اقتدار کی خاطر نفرت پر مبنی فرقہ پرستی پھیلانے اور گاندھی جی کے نظریات کو تباہ و تاراج کرنے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی گاندھی جی کے نظریات کو تباہ کرنے کے درپے ہے جنہوں نے ہمیں مذہبی رواداری اور تمام طبقات کو اخوت و بھائی چارگی کی تعلیم دی۔ سونیا گاندھی نے کہا کہ محض اقتدار کی خاطر بی جے پی صدیوں قدیم ملک کی گنگا جمنی تہذیب کو ختم کررہی ہے اور سماج میں فرقہ وارانہ نفرت پھیلائی جارہی ہے۔

صدر کانگریس نے علیگڈھ مسلم یونیورسٹی کے ایک کیمپس کا افتتاح کرنے کے بعد کانگریس کی ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دن ہی گاندھی جی کا قتل کیا گیا تھا اسی لئے آج یوم شہیدان منایا جا رہا ہے ۔ اپنی 10 منٹ کی تقریر کے دوران انہوں نے کہا کہ فرقہ پرست طاقتیں عوام کو نرم باتوں کے ذریعہ بیوقوف بنانے کی کوشش کر رہی ہیں۔ جبکہ کانگریس پارٹی نے ملک میں سکیولر ازم کی بنیادوں کو مستحکم کرنے کیلئے سخت جدوجہد کی ہے ۔ علیگڈھ مسلم یونیورسٹی کیمپس کے افتتاح کے مسئلہ پر چیف منسٹر بہار نتیش کمار اور کانگریس کے مابین جاری لفظی تکرار کے درمیان سونیا گاندھی نے کہا کہ یو پی اے حکومت نے ہمیشہ ہی ریاست کے ساتھ فراخدلانہ رویہ اختیار کیا ہے اور اس نے گذشتہ 10 سال میں ریاست کی ترقی کیلئے 134 لاکھ کروڑ روپئے جاری کئے ہیں۔

مرکزی وزیر فروغ انسانی وسائل ایم ایم پلم راجو ‘ کانگریس جنرل سکریٹری انچارچ بہار مسٹر سی پی جوشی ‘ پردیش کانگریس کے صدر اشوک چودھری اور کشن گنج کانگریس کے لوک سبھا رکن اسرار الحق بھی تقریب میں شریک تھے ۔ سونیا گاندھی نے کہا کہ کانگریس نے ہمیشہ ہی اقلیتوں کی فلاح بہبود کیلئے کام کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے سچر کمیٹی کی بیشتر سفارشات پر عمل کیا ہے ۔ یو پی اے کی صدر نشین خراب موسم کی وجہ سے ایک گھنٹہ کی تاخیر سے کشن گنج پہونچیں ۔ انہوں نے علیگڈھ مسلم یونیورسٹی کے نئے مرکز کا سنگ بنیاد رکھا ۔ انہوں نے سنگ بنیاد رکھنے سے قبل چیف منسٹر بہار نتیش کمار سے بھی بات کی ۔