نئی دہلی 14 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے کئی ارکان پارلیمنٹ نے آج ایک دوسرے کو راکھی بندھی اور رکھشا بندھن تہوار منایا۔ اِس سلسلہ میں ایک پروگرام منعقد کیا گیا تھا جہاں آر ایس ایس میں دوسرا مقام رکھنے والے بھیّا جی جوشی نے قوم اور کردار کی تعمیر کے بارے میں ارکان پارلیمنٹ کو کچھ نصیحتیں کیں۔ اِس پروگرام کا اہتمام آر ایس ایس کی جانب سے کیا گیا تھا اور مرکزی وزیر برائے پارلیمانی اُمور وینکیا نائیڈو کی میزبانی میں اُن کی قیامگاہ واقع اورنگ زیب روڈ پر منعقد کیا گیا تھا۔ بی جے پی ارکان پارلیمنٹ کی کثیر تعداد بشمول خواتین، آر ایس ایس اور اُس سے ملحقہ تنظیموں کی قیادت اِس موقع پر موجود تھی۔ پرچم کشائی کے بعد بھیّا جی جوشی نے ارکان پارلیمنٹ سے خطاب کیا جہاں اُنھوں نے معاشرے کے لئے آر ایس ایس کی خدمات ملک کے اتحاد اور سماجی فلاح و بہبود کے لئے خدمات کا تذکرہ کیا۔ ارکان کو نصیحت کی کہ اپنا کردار تعمیر کرنے پر توجہ مرکوز کریں۔ ملک کا اتحاد برقرار رکھنے میں مدد کریں۔ اُنھوں نے کہاکہ آر ایس ایس کے تربیت یافتہ قائدین آج ملک کی قیادت کررہے ہیں اِس لئے اُنھیں قوم کی ترقی میں مدد کرنی چاہئے۔ اُنھوں نے کہاکہ آر ایس ایس نے پرآشوب اور سخت دور میں جدوجہد کی ہے۔ قوم کی تعمیر کے لئے مسلسل کام کرتی رہے۔ 1925 ء سے ملک کے عوام کا کردار تعمیر کرنے میں مصروف رہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ سنگھ پریوار کو ٹاملناڈو میں دراوڑین تحریک اور کیرالا میں مظالم کے دنوں میں کئی مسائل کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اِس پروگرام میں بی جے پی کے سرپرست ایل کے اڈوانی اور کئی مرکزی وزراء بشمول سشما سوراج شریک تھے۔