بیرونی اکاؤنٹ ہولڈرس کے نام ظاہر نہ کرنے پر سبرامنیم سوامی کی تنقید
کولکتہ 8 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی لیڈر سبرامنیم سوامی نے آج کہاکہ بیرونی بینکوں میں کھاتے رکھنے والے ہندوستانیوں کے ناموں کا انکشاف نہ کرنے کی حکومت کوئی جائز وجہ نہیں بتارہی ہے۔ اُنھوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ حکومت کا موقف یہ ہے کہ ہندوستان نے دوہرے ٹیکس گریز معاہدہ پر دستخط کئے ہیں جس میں بیرونی اکاؤنٹ ہولڈرس کے ناموں کا انکشاف نہیں کیا جاسکتا۔ اُنھوں نے کہاکہ اِس معاہدہ میں اگر رازداری سے متعلق کوئی ایک قاعدہ ہو جو ناموں کے انکشاف میں رکاوٹ بن رہا ہو تو حکومت کو چاہئے کہ اِس رکاوٹ کو دور کرے۔ اُنھوں نے بتایا کہ پرنب مکرجی جب وزیر فینانس تھے اُنھوں نے حکومت جرمنی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے اِس معاہدہ کے تحت اکاؤنٹس رکھنے والوں کے ناموں کا انکشاف کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ سبرامنیم سوامی نے کہاکہ اُنھوں نے وزیراعظم نریندر مودی کو مکتوب تحریر کیا ہے اور یہ کہاکہ وزیر فینانس ارون جیٹلی کے دلائل درست نہیں۔ اُنھوں نے بتایا کہ جب بی جے پی اپوزیشن میں تھی اُس وقت وہ کانگریس زیرقیادت یو پی اے حکومت کو اِسی معاہدہ کے حوالہ سے تنقیدوں کا نشانہ بنارہی تھی۔ اور اب اقتدار سنبھالنے کے بعد وہ خود اِسی روش پر گامزن ہے۔