کولکتہ ۔ 30 ۔ مئی : ( سیاست ڈاٹ کام) : بی جے پی کے ریاستی صدر دلیپ گھوش نے آج کہا ہے کہ ان کی پارٹی مغربی بنگال اسمبلی میں عوام کے مفاد کی خاطر دیگر اپوزیشن پارٹیوں کے ساتھ کام کرنے کے لیے آمادہ ہے ۔ مسٹر گھوش جو کہ حلقہ اسمبلی کھڑگ پور سے منتخب ہوئے ہیں بتایا کہ اپوزیشن کی حیثیت سے عوام نے ہمیں یہ اختیار دیا ہے کہ حکومت کو راہ راست پر چلائیں جس کے لیے تمام اپوزیشن کو متحدہ کام کرنا چاہئے اور عوام کے حق میں ہم آواز بلند کریں گے چونکہ بی جے پی کو صرف 3 نشستیں حاصل ہوئی ہیں اور ہم اپنے بل بوتے پر بھی جدوجہد کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ترنمول کانگریس وزراء کی تقریب حلف برداری کی نہ صرف بی جے پی بلکہ کانگریس اور سی پی ایم نے بھی بائیکاٹ کیا جو کہ اپوزیشن کے اتحاد کی علامت ہے ۔ ٹی ایم سی اور بی جے پی میں سازباز سے متعلق لیفٹ اور کانگریس کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے گھوش نے کہا الزامات عائد کرنا آسان ہے لیکن اسے ثابت کرنا چاہئے ۔ مسٹر گھوش نے حال ہی میں یہ ریمارک کر کے تنازعہ پیدا کردیا تاکہ ان کی پارٹی کار کن ، آر ایس ایس کے تربیت یافتہ ہے اور صرف ہاتھوں سے ہی ترنمول کانگریس کارکنوں کے بازوں (کندھوں ) کو توڑ دیں گے ۔ جس پر حکمران جماعت کے ساتھ کانگریس اور لیفٹ شدید اعتراض کیا تھا ۔ بی جے پی لیڈر کے تبصرہ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے سی پی ایم قائد سجن چکرورتی نے کہا کہ ٹی ایم سی کے ساتھ مفاہمت کا یہ ایک حربہ ہے۔