بی جے پی ، آر ایس ایس ہندو راشٹر کے ایجنڈہ پر عمل پیرا: کرت

اگرتلہ ۔ 25 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) سی پی آئی ۔ ایم جنرل سکریٹری پرکاش کرت نے آج کہا کہ ملک کے عوام کو این ڈی اے حکومت اور آر ایس ایس کی طرف سے رجعت پسندانہ رویہ کا سامنا ہورہا ہے جو ہندو راشٹر تشکیل دینے کے ایجنڈہ پر آگے بڑھ رہے ہیں۔ ایک طرف نریندر مودی حکومت امیروں کیلئے اچھے دن پیدا کررہی ہے اور دوسری طرف آر ایس ایس فرقہ وارانہ خط پر اس ملک کو تقسیم کرنے کوشاں ہے۔ کرت نے سی پی آئی (ایم) کی 21 ویں اسٹیٹ کانفرنس کے موقع پر جو آج یہاں شروع ہوئی، عام ریالی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس مسلمانوں اور عیسائیوں پر حملہ شروع کرتے ہوئے اپنا ایجنڈہ آگے بڑھا رہے ہیں اور ان کا مقصد ہندو راشٹر قائم کرنا ہے اور اب کمیونسٹ تحریک کو تقویت دینے کا وقت ہے۔