بی جے پی ،سیاسی انتقام میں ملوث : رابرٹ وڈرا

نئی دہلی ۔ 26 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) یو پی اے کی صدرنشین سونیا گاندھی کے داماد رابرٹ وڈرا نے اپنے خلاف بی جے پی کی طرف سے عائد کئے جانے والے رشوت ستاننی کے الزامات پر خاموشی توڑتے ہوئے آج کہا کہ حکمراں جماعت گذشتہ چار سال سے ان کے خلاف مسلسل انتقامی کارروائیوں اور بے بنیاد الزام تراشیوں میں ملوث رہی ہے۔ وڈرا نے کہا کہ حکمراں جماعت جب کبھی مشکالت میں گھر کر حاشیہ پر آجاتی ہے، ہمیشہ ان (ڈورا) کا نام گھسیٹتی ہے اور اس مرتبہ وہ رافیل معاملت کے مسئلہ پر بے نقاب ہوئی ہے۔ وڈرا نے موجودہ صورتحال کو ’’مکمل جھوٹ و مفروضہ‘‘ پر مبنی قرار دیا۔ وڈرا نے ایک صحافتی بیان میں کہا کہ ’’حکومت کے پاس تمام ایجنسیاں اور وسائل دستیاب ہیں۔ بی جے پی اور موجودہ حکومت سے بہتر اور کون جانتا ہے کہ وہ گذشتہ چار سال سے میرے خلاف سیاسی انتقام میں ملوث ہوتے رہے ہیں‘‘۔ انہوں نے کہا کہ ’’وہ (وزیراعظم مودی) اپنا 56 انچ کا سینہ ٹھوک کر ملک و قوم کو رافیل معاملت کے بارے میں بتانے کے بجائے جھوٹ کے پلندہ کے پیچھے چھپ رہے ہیں۔ عوام ان کے مسلسل ایک ہی بات سنتے ہوئے بیزار ہوچکے ہیں‘‘۔