بی ایڈ اور ٹیچرس ایجوکیشن روزگار سے مربوط کورسز

حیدرآباد ۔ 27 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : بی ایڈ ، ڈی ایڈ ، ایم ایڈ ٹیچرس ایجوکیشن کورسز ہیں جو راست روزگار سے مربوط ہیں اوران کورسز کی تکمیل کے بعد امیدواروں کو ٹرینڈ ٹیچر مانا جاتا ہے ۔ حکومت ہند نے 1998 میں ین ٹی ایس ای کے قیام کے بعد ملک بھر میں یکساں نصاب اور نام رکھتے ہوئے ٹیچر ٹریننگ کو ٹیچرس ایجوکیشن سے موسوم کیا ۔ بی ایڈ کے بعد سرکاری ملازمت اسکول اسسٹنٹ ( ہائی اسکول ) ٹیچر کی ہوتی ہے ۔ ان معلومات کو ایم اے حمید ( کیرئیر کونسلر ) نے دکن ریڈیو 107.8 کے راست نشریہ پروگرام میں سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا اور کہا کہ یہ کورس ریگولر ہی ہے ۔ لیکن اندرا گاندھی نیشنل اوپن یونیورسٹی میں فاصلاتی تعلیم سے بھی کرسکتے ہیں ۔ جناب زاہد فاروقی پروگرام کوآرڈینٹر / ریڈیو اسٹیشن ماسٹر نے دن بھر ریکارڈ کئے گئے سوالات کے علاوہ دوران پروگرام پوچھے جانے والے سوالات کو بھی شامل کیا ۔ جن کا جناب ایم اے حمید نے معلوماتی جواب دیا اور طلبہ کی رہنمائی کی ۔ فہیم انصاری نے ڈی ایس سی کے لیے شہر اور اضلاع کے امیدواروں کے سوالات کے حوالہ سے جاننا چاہا کہ یہ امتحان کب ہوگا اور کون اہل ہوتے ہیں اس کے لیے ؟ جواب میں بتایا گیا کہ یہ امتحان ٹیچرس کے تقررات کے لیے ہوتا ہے اور ہر سال نہیں ہوتا بلکہ اس کا انحصار حکومت پر ہوتا ہے ۔ پروگرام میں ٹیچر ٹریننگ کی اہمیت اور سرکاری اور خانگی اسکولس میں ان کی ضرورت پر معلومات فراہم کی گئی ۔ محمد منیر صفورہ نے معاونت کی ۔ آخر میں فہیم انصاری نے شکریہ ادا کیا ۔۔