بلیا ۔27 فبروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے صدر امیت شاہ نے غنڈہ راج ختم کرنے بی ایس پی کی سربراہ مایاوتی کے وعدہ کا مذاق اُڑاتے ہوئے ان ( مایاوتی) کی پارٹی کا ایک پوسٹر دکھایا جس پر مختار انصاری اور ان کے بھائی افضل کے ساتھ ان کی تصویر ہے۔ امیت شاہ نے یہ ریمارک اُس وقت کیا جب دہلی ہائیکورٹ نے مختار کو تحویل میں پیرول کیلئے دی گئی درخواست کو مسترد کردیا ۔ مختار جو مئو کے رکن اسمبلی ہیں رواں انتخابات میں اپنی مہم میں حصہ لینے کیلئے پیرول کی درخواست کی تھی ۔ مختار انصاری 2005 ء میں بی جے پی کے رکن اسمبلی کرشنا نند رائے کے قتل کے ایک مقدمہ میں ملزم ہیں۔ انتخابی مہم میں حصہ لینے کیلئے تحت کی ایک عدالت نے 16 فبروری کو انھیں 4مارچ تک پیرول پر رہائی کی اجازت دی تھی لیکن دہلی ہائیکورٹ نے دوسرے ہی دن اس حکم کو کالعدم کردیا تھا ۔