مظفرنگر ۔ 14 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بی ایس پی کے خلاف انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا ایک معاملہ درج کیا گیا ہے کیونکہ پارٹی نے موضع چاپر میں ایک انتخابی ریالی کے دوران ووٹرس کو کھانے کے پیاکٹس تقسیم کرتے ہوئے انتخای ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی تھی۔ دریں اثناء ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اندرمنی ترپاٹھی نے کہا کہ وکاس کمار جو پرکازی اسمبلی حلقہ کے انچارج ہیں، کے خلاف پولیس نے معاملہ درج کیا ہے ، جنہوں نے 2300 ووٹرس میں غذائی پیاکٹس تقسیم کئے تھے جنہوں نے پارٹی امیدوار ولوک ناگر کی تائید میں منعقدہ ایک انتخابی ریالی میں شرکت کی تھی جو بجنور لوک سبھا حلقہ سے انتخابی میدان میں ہیں۔
اس سلسلہ میں 10 مارچ کو پارٹی کو وجہ نمائی نوٹس جاری کی گئی۔ مسٹر ترپاٹھی نے کہا کہ نوٹس کے جواب سے چونکہ انتظامیہ مطمئن نہیں تھی لہٰذا پارٹی کے خلاف پولیس میں معاملہ درج کیا گیا ہے۔ یاد رہیکہ پرکازی اسمبلی (ریزرو) حلقہ انتخاب بجنور لوک سبھا نشست میں شامل ہے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہیکہ بیشتر بی ایس پی لیڈر جن میں ناگر ایم ایل سی لوکیش پرجاپتی، ایم ایل اے انیل کمار، پارٹی کوآرڈینیٹر پردیپ سینی بھی شامل ہیں، نے اجلاس میں شرکت کی جوجے بھارت انٹر کالج میں منعقد کیا گیا تھا۔ حالانکہ اجلاس کیلئے کالج انتظامیہ سے اجازت لی گئی تھی لیکن ووٹرس کو راغب کرنے کیلئے غذائی پیاکٹس تقسیم کرنے سے سارا مزہ کرکرہ ہوگیا کیونکہ اس طرح انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے تھے۔