گونڈہ 25 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) دیگر پسماندہ طبقات (او بی سی) سے تعلق رکھنے والے مسلمانوں کے لئے کانگریس کی جانب سے ریزرویشن کے وعدہ کے بعد بی ایس پی سربراہ مایاوتی نے بھی آج کہا کہ مسلمانوں کے ساتھ ان کی پارٹی اونچے طبقات کے غریبوں کے لئے بھی کوٹہ کا فائدہ بہم پہنچانے کی خواہاں ہے۔ مایاوتی نے انتخابی ریلی سے خطاب میں کہا کہ ہماری پارٹی چاہتی ہے کہ ریزرویشن کا فائدہ مسلمانوں کے ساتھ ساتھ اونچی ذاتوں سے تعلق رکھنے والے غریبوں کو بھی ہو۔ انھوں نے الزام عائد کیا کہ مرکز کو ریزرویشن کو معاشی اساس سے جوڑنے کے لئے کئی مکتوبات تحریر کئے گئے، لیکن کانگریس حکومت نے اس ضمن میں کوئی اقدام نہیں کیا۔ بی ایس پی سربراہ نے کہا کہ مسلمانوں کو کانگریس منشور سے گمراہ نہیں ہونا چاہئے۔ انھوں نے مسلم برادری سے بی ایس پی کو ووٹ دینے کی اپیل کی، تاکہ فرقہ پرست طاقتوں جیسے بی جے پی کو برسر اقتدار آنے سے روکا جاسکے۔