اعظم گڑھ ( یو پی ) ۔11ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) بی ایس پی اور برسراقتدار ایس پی پر اس کے زیر اقتدار یو پی میں تازہ تنقید کرتے ہوئے نائب صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج کہاکہ ہاتھی تمام پیسہ کھاگیا ‘ سیکل پنکچر ہوگئی ۔ وہ ایک انتخابی جلسہ عام سے اپنی یاترا کے چھٹویں دن مخاطب کررہے تھے ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ آئندہ انتخابات میںکانگریس کی تائید میں ووٹ دیں ۔ انہوں نے کہاکہ اب آپ کو سمجھ لینا چاہیئے کہ ’’ہاتھ ‘‘ (کانگریس کی انتخابی علامت) کیا ہے ۔ گاندھی خاندان کے جانشین راہول گاندھی نے عوام سے 2017ء کے اسمبلی انتخابات کے سلسلہ میں ربط پیدا کرنے کیلئے اعظم گڑھ سے اپنی یاترا کا احیاء کیا ۔ قبل ازیں وہ کئی ملاقاتیں کریں گے ۔ بعدازاں غازی پور پہنچیں گے ۔ اعظم گڑھ سماج وادی پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ یادو کا حلقہ انتخاب ہے ۔ راہول گاندھی نے کہا کہ یو پی میں کانگریس کو مضبوط بنانے کے لئے ہر حلقہ میں مہم چلائی جائے گی، یہاں پر غیر کانگریسی پارٹیوں کو کمزور کرنے کیلئے پارٹی کیڈرس کو کانگریس کارناموں سے عوام کو واقف کرانے کی ہدایت دی گئی ہے۔