نئی دہلی 27 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) لا کمیشن کی جانب سے لوک سبھا اور اسملبیوں کے انتخابات بیک وقت منعقد کرنے کے مسئلہ پر سخت قانونی دائرہ کار کی سفارش کی جائیگی جن میں دستور اور انتخابی قوانین میں تبدیلیاں بھی شامل ہونگی ۔ کمیشن کے اعلی سطح کے ذرائع نے یہ بات بتائی ۔ کہا گیا ہے کہ کمیشن کی جانب سے دستور میں ترمیم اور عوامی نمائندگی قانون میں ترمیم کی سفارش کی جائیگی تاکہ اسمبلیوں اور لوک سبھا کے انتخابات بیک وقت منعقد کئے جاسکیں۔ کمیشن نے کہا کہ بغیر ان تبدیلیوں کے انتخابات کا بیک وقت انعقاد ممکن نہیں ہوسکے گا۔ کمیشن کی سفارشات قبول کرنا حکومت کیلئے لازمی نہیں ہے لیکن اس کے نتیجہ میں سیاسی جماعتوں میں اس مسئلہ پر مباحث ضرور ہوسکتے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ اسمبلیوں اور لوک سبھا کے بیک وقت انتخابات کیلئے دستور میں ترمیم ضروری ہے اور اس کیلئے انتخابی قوانین میں بھی ترامیم کی ضرورت ہوگی اس کے بغیر ایسا کرنا ممکن نہیں ہوسکے گا ۔