بیڈمینٹن : لن ڈان نے لی چونگ وئی کے خلاف کامیابی حاصل کرلی

انچیون 28 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) چین کی اولمپک چمپئن لن ڈان نے آج ایشین گیمس بیڈمینٹن سیمی فائنل میں عالمی نمبر ایک لی چونگ وئی کے خلاف کامیابی حاصل کرلی ۔ لی چون وئی اس بار ایشین گیمس میں گولڈ میڈل جیتنے کے خواہاں تھے تاہم انہیں کامیابی نہیں مل سکی ۔ وہ فائنل سے باہر ہوگئے ہیں۔ فائنل میں اب لن ڈان کا مقابلہ عالمی خطاب یافتہ چین لوگ سے ہوگا ۔ چین لوگ نے سیمی فائنل میں ہانگ کانگ کے وئی نان کے خلاف 21 – 6, 21 -0 سے کامیابی حاصل کرلی تھی ۔ 31 سالہ عالمی نمبر ایک لی چونگ وئی اس مقابلہ میں شکست کے بعد مایوس دکھائی دے رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ لن ڈان نے اس میچ میں بہت اچھا مظاہرہ کیا اور وہ خود اپنے کھیل میں بہتری پیدا کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکے ۔ لی نے اعلان کردیا کہ یہ ان کے آخری ایشین گیمس تھے اور آئندہ وہ اس میں حصہ نہیں لیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنی صلاحیت کے مطابق اچھا مظاہرہ کیا ہے اور وہ اپنی شکست قبول کرتے ہیں۔