بینکاک۔20 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کی تھامس کپ مرد اور اوبرکپ خواتین بیڈمنٹن مقابلے میں اتوار کو مایوس کن شروعات ہوئی اور اس کی مرد اور خاتون ٹیموں کو 1۔4 کے فرق سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔مرد ٹیم گروپ اے میں فرانس کے ہاتھوں 1۔4 سے ہاری جبکہ خاتون ٹیم کو گروپ میں کینیڈا کے ہاتھوں 1۔4 سے شکست ملی۔کندامبي سری کانت اور پی وی سندھو کی غیر موجودگی میں دونوں ہندستانی ٹیمیں کمزور ثابت ہوئیں۔ ہندستان کو اب ناک آؤٹ کی اپنی توقعات کے لئے اپنے اگلے میچ ہر حال میں جیتنے ہوں گے ۔ہندستان نے میچ میں اچھی شروعات کی اور بی سائی پریت نے پہلا سنگلز میچ جیت لیا لیکن اس کے بعد ہندستان نے اگلے چاروں میچ گنوا دیے ۔پریت نے برائس لیوردیز کو صرف 32 منٹ میں 21۔7 ،21۔18 سے ہرا دیا لیکن ڈبلز میچ میں ارجن ایم آر اور شلوک کو باسٹین کیرسودي اور جولین مایو کے ہاتھوں محض 30 منٹ میں 13۔21 ،16۔21 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔تیسرے میچ میں لوکاس کوروي نے سمیر ورما کو 61 منٹ میں 21۔18 ،20۔22 ،21۔18 سے ہرا دیا۔ہندستان اب مقابلے میں 1۔2 سے پچھڑ گیا۔چوتھے میچ میں تھام سیکوئل اور رونن لبار نے 28 منٹ میں ارون جارج اور سیئم شکلا کو 21۔10 ،21۔12 سے شکست دے کر فرانس کو 3۔1 کی ناقابل تسخیر برتری دلا دی۔آخری میچ میں 17 سال کے لکشے سین ایک گھنٹے تک زبردست جدوجہد کرنے کے بعد ہار گئے ۔ لکشے کو ٹوما جونیئر پوپوو کے ہاتھوں 20۔22 ،21۔19 ،19۔21 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا اور ہندستان یہ مقابلہ 1۔4 سے ہار گیا۔اوبرکپ میں ہندستان کا آغاز اچھا نہیں رہا اور پہلے میچ میں ٹاپ کھلاڑی سائنا نہوال کی شکست کے بعد ہندستان واپسی نہیں کر سکا۔سائنا کو کینیڈا کی سرفہرست کھلاڑی مچل لی نے 52 منٹ میں 15۔21 ،21۔16 ،21۔16 سے ہرا دیا۔ویشنوی ریڈی کو رچیل ھونڈیرچ نے محض 28 منٹ میں 21۔11 ،21۔13 سے شکست دے کر کینیڈا کو 2۔0 سے آگے کر دیا۔جے میگھنا اور پوروشا رام نے مشیل ٹونگ جاسفین وو کو 27 منٹ میں 21۔19 ،21۔15 سے شکست دی۔