بیڈمنٹن : جئے رام کی ٹاپ 25 میں واپسی

نئی دہلی ، 24 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) کوریا اوپن سوپر سیریز میں اپنے شاندار مظاہروں کے بل بوتے پر ہندوستانی شٹلر اجئے جئے رام بیڈمنٹن ورلڈ فیڈریشن کی آج جاری کردہ تازہ درجہ بندی میں سات مقامات کی چھلانگ کے ساتھ عالمی نمبر 25 ہوگئے ہیں۔ 600,000 امریکی ڈالر والے کوریا اوپن میں رنراپ اختتام نے جئے رام کی ٹاپ 25 میں واپسی کرائی۔ سوپر سیریز ایونٹ منعقدہ سیول میں جئے رام کو عالمی نمبر 1 ڈیفنڈنگ چمپئن چن لانگ (چین) نے ہرایا تھا۔
جی ٹی تھری کپ ریس کے دوران خوفناک حادثہ
ریو ڈی جنیرو ، 24 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) برازیل میں جی ٹی تھری کپ ریس کے دوران خوفناک حادثے نے شائقین کے دل ہلا دیئے۔ برازیلی ڈرائیور پیڈرو پیکٹ موت کے منہ سے واپس آگئے۔ برازیل میں ریس کے دوران تین مرتبہ کے فارمولا ون چمپئن نیلسن پیکٹ کے بیٹے کی کار کو حادثہ ہوا۔ گاڑی سے ٹکر لگنے کے بعد ان کی گاڑی نے نو مرتبہ قلابازی کھائی مگر پیڈرو خوش قسمتی سے محفوظ رہے۔ حادثے کے فوری بعد انہیں اسپتال پہنچایا گیا مگر حیرت انگیز طور پر انہیں معمولی خراشیں آئی۔ پیڈرو پیکٹ کہتے ہیں کہ وہ بچ جانے پر خود کو بہت خوش قسمت سمجھتے ہیں۔