حیدرآباد /4 اگست ( سیاست نیوز ) 60 ہزار روپئے کی خاطر ایک شخص نے اپنی 60 سالہ والدہ کا بے رحمانہ انداز میں قتل کردیا ۔ یہ انسانیت سوز واقعہ صنعت نگر پولیس حدود میں پیش آیا ۔ جہاں لکشمی نامی خاتون اپنے حقیقی بیٹے کے حملہ میں ہلاک ہوگئی ۔ اس واقعہ کے بعد صنعت نگر اور آس پاس کے علاقہ میں ہلچل پیدا ہوگئی ۔ سب انسپکٹر پولیس صنعت نگر مسٹر رامیش نائیک نے بتایا کہ لکشمی جو ویدیوتھ نگر ویکر سیکشن کالونی میں رہتی تھی گوپال نامی شخص کی بیوی بتائی گئی ہے ۔ لکشمی اور اس کے بیٹے شیوا میں اکثر جھگڑا ہوا کرتا تھا ۔ پولیس نے شیوا کی عمر 23 سال بتائی ہے ۔ شیوا نے آج اپنی ضعیف والدہ پر پتھر سے حملہ کرتے ہوئے اسے ہلاک کردیا اور اس کے قبضہ سے 60 ہزار روپئے لیکر فرار ہوگیا ۔ پولیس نے شیوا کی تلاش شروع کردی ہے ۔