بیٹے کے ہاتھوں باپ کا قتل، میرپیٹ میں دلخراش واقعہ

حیدرآباد 12 نومبر (سیاست نیوز) میرپیٹ علاقہ میں پیش آئے ایک دلخراش واقعہ میں بیٹے نے باپ کا قتل کردیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 58 سالہ این کرشنا عرف وجئے کمار جو واٹر ورکس ڈپارٹمنٹ کا ریٹائرڈ ملازم تھا، اُسے ایک بیٹا اور 5 بیٹیاں ہیں۔ مالی تنازعات کے نتیجہ میں کرشنا کے جسمانی معذور بیٹے ترون نے باپ کے سر پر آہنی سلاخ سے حملہ کردیا جس کے نتیجہ میں اُس کی موت واقع ہوگئی۔ پولیس نے بتایا کہ اتوار کی شب یہ واقعہ پیش آیا اور آج صبح اِس واقعہ کی اطلاع پولیس کو ملی۔ میرپیٹ پولیس نے بیٹے کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے اُسے حراست میں لے لیا۔ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ مالی تنازعات کے نتیجہ میں باپ بیٹے کے درمیان آئے دن بحث و تکرار ہوا کرتی تھی۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔