بیٹے کی موت پر دل برداشتہ ماں کی خودسوزی

درد شکم سے پریشان بی ٹیک طالبہ کی خودکشی، خودکشی کے تین واقعات
حیدرآباد 14 ستمبر (سیاست نیوز) شہر میں خودکشی کے تین علیحدہ واقعات پیش آئے جس میں بیٹے کی موت سے دلبرداشتہ ایک ماں نے خودسوزی کرلی۔ بتایا جاتا ہے کہ 40 سالہ چندراماں ساکن سنگارینی کالونی سعیدآباد چند سال قبل ہوئی بیٹے کی موت سے غمگین تھی جس کے سبب اُس نے اپنے مکان میں خود پر کیروسین چھڑک کر خودسوزی کرلی۔ پولیس نے چندراماں کو دواخانہ منتقل کرنے کی کوشش کی لیکن وہ راستہ میں جانبر نہ ہوسکی۔ پولیس سعیدآباد نے مقدمہ درج کرلیا۔ خودکشی کے ایک اور واقعہ میں درد شکم کی تاب نہ لاکر 19 سالہ بی ٹیک طالبہ نے پھانسی لے کر خودکشی کرلی۔ یہ واقعہ کاچیگوڑہ کے علاقہ برکت پورہ میں کل رات دیر گئے پیش آیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ایس سریتا جو بی ٹیک سال دوم کی طالبہ تھی، درد شکم سے تاب نہ لاکر خودکشی کرلی۔ پولیس کاچیگوڑہ نے اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے نعش کو دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ منتقل کیا۔ لالہ گوڑہ پولیس اسٹیشن حدود میں پیش آئے ایک واقعہ میں 36 سالہ خانگی ملازم گیانیشور نے خودسوزی کرلی۔ پولیس کے بموجب خودکشی کی وجہ معلوم نہ ہوسکی۔