یلا ریڈی گوڑہ میں واردات :چٹھیوں کے کاروبار پر تنازعہ کا شاخسانہ
حیدرآباد ۔ /28 جون (سیاست نیوز) ایک دلخراش واقعہ میں بیٹے نے اپنی ماں کا گلا گھونٹ کر قتل کردیا ۔ یہ افسوسناک واقعہ ایس آر نگر کے علاقے یلاریڈی گوڑہ میں آج صبح کی اولین ساعتوں میں پیش آیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 40 سالہ جی ممتا چٹھیوں کا کاروبار چلایا کرتی تھی ۔ کاروبار میں نقصان ہونے کے نتیجہ میں وہ مقروض ہوگئی تھی ۔ پیسے کی ادائیگی کیلئے آئے دن بعض لوگ اس کے مکان پر ہنگامہ آرائی کیا کرتے تھے ۔ وہ مکان سے دوری اختیار کرکے اپنے بڑے بھائی رمیش کے مکان واقع کتہ پیٹ منتقل ہوگئی تھی ۔ چٹھیوں کے کاروبار پر ممتا اس کے شوہر سرینواس اور اکلوتے بیٹے مدن کے درمیان جھگڑا ہوا کرتا تھا ۔ کل ممتا کا بڑا بھائی اسے یلاریڈی گوڑہ چھوڑ کر گیا تھا کہ اس کاروبار پر ماں بیٹے کے درمیان بحث و تکرار شروع ہوگئی ۔ اور بیٹا اپنی ماں کو کے وی آر اینکلو اپارٹمنٹ کی چھت پر لے گیا اور اس کے سر پر تیزدھار شئے سے حملہ کردیا اور بعد ازاں اس کا گلا گھونٹ کر قتل کردیا ۔ ماں کا قتل کرنے کے بعد مدن فرار ہوگیا ۔ ایس آر نگر پولیس کو ممتا کے قتل کی اطلاع ملنے پر پولیس کی خصوصی ٹیم وہاں پہونچ کر سراغ رسانی دستے کلوز ٹیم کو طلب کرلیا اور مقام واردات سے اہم شواہد اکٹھا کئے ۔ پولیس نے مدن کو حراست میں لے لیا اور اس کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ۔