دبئی ۔19 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) افغانستان کیخلاف میچ میں شکست کے بعد سری لنکا کے کپتان اینجلو میتھیوز اپنے کھلاڑیوں پر برس پڑے۔ انہوں نے کہا کہ کوچ ہتھورو سنگھے کو شکست کا ذمے دار ٹھہرانا درست نہیں ہے۔ ہمیں دباؤ میں میچ جیتنے کی عادت ڈالنی چاہئے۔ ایشیا کپ کے دونوں میچوں میں شکست کی وجہ بیٹنگ کی ناکامی ہے۔ دونوں میچوں میں ہمیں جو ہدف ملے وہ قابل تعاقب تھے۔ ابوظہبی میں افغانستان کے خلاف حیران کن شکست کے بعد انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم بہت بہتر تھی نتائج اسے سے کہیں کمتر ہیں۔ دونوں میچوں میں ہماری ٹیم 150 رنز کا ہدف عبور نہیں کرسکی۔ ہماری شکست شرم ناک ہے۔ افغانستان کی ٹیم نے ہمیں ضرور شکست دی لیکن اب یہ ٹیم دنیا کی دیگر ٹیموں کے لئے بڑا خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بولروں فیلڈروں سے زیادہ ذمے داری بیٹسمینوں کی تھی۔ کوچ ہتھورو سنگھے کھلاڑیوں کے ساتھ بہت محنت کررہے ہیں وہ ان کی صلاحیتوں، فٹنس اور انہیں ذہنی طور پر مضبوط بنانے کے لئے ہر ممکن کوشش کررہے ہیں۔ ہر کھلاڑی کے ساتھ الگ الگ سیشن بھی کرتے ہیں لیکن کوچ گرائونڈ میں جاکر کسی کی جگہ نہیں کھیل سکتا،کوچ کو ذمے دار ٹھہرانے کے بجائے کھلاڑیوں کو اپنی ناقص کارکردگی کی ذمے داری لینی ہوگی ۔علاوہ ازیں دو میچوں میں شکست کے بعد ایشیا کپ سے شرمناک اخراج پر سری لنکا میں کہرام برپا ہے ، میڈیا اور شائقینبرہم ہیں۔میڈیا اور شائقین کافی برہم ہیں۔اخبار’ ڈیلی مرر’ نے ہیڈنگ لگائی کہ’ ‘ایشیا کی ناکام ترین ٹیم” ، سر کاری اخباری ‘ڈیلی نیوزنے کہا آئی لینڈ کرکٹ زوال کی انتہا کو پہنچ چکی، ایک اور اخبار ‘آئی لینڈ ڈیلی نے لکھا کہ یہ سری لنکا کرکٹ کے لیے ایک افسوسناک رات ہے ۔