نئی دہلی 12 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) بیٹنگ آرڈر میں ایک نمبر نیچے جانے سے اتفاق کرنے پر بلے باز ویراٹ کوہلی کی ستائش کرتے ہوئے ٹیم انڈیا کے کپتان مہیندر سنگھ دھونی نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ونڈے میں جو حکمت عملی اختیار کی گئی تھی اسے جاری رکھا جاسکتا ہے کیونکہ کوہلی اس نمبر پر اچھا کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوہلی نے ٹیم کے مفاد میں اپنے بیٹنگ آرڈر میں تبدیلی سے اتفاق کرلیا تھا ۔ ویراٹ کوہلی نے کل ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گئے دوسرے ونڈے میں 62 رنز کے ساتھ فارم میں واپسی کی تھی اور انہوں نے سریش رائنا کے ساتھ چوتھی وکٹ کیلئے 105 رن جوڑے تھے ۔ ہندوستان نے کل کا میچ 48 رنوں سے جیت کر سیریز 1 – 1 سے مساوی کرلی ہے ۔ دھونی نے کل رات میچ کے بعد پریس کانفرنس میں کہا کہ کوہلی ایک تجربہ کار کھلاڑی ہے اور وہ جانتے ہیں کہ ٹیم ان سے کیا چاہتی ہے ۔ ہم نے انہیں ترغیب دی کہ وہ بیٹنگ آرڈر میں قدرے پیچھے جائیں اور انہوں نے بھی یہی بہتر سمجا کہ یہ ٹیم کے اور ان کے حق میں اچھا ہے ۔ ہم کو ہر پہلو سے جائزہ لینا پڑتا ہے ۔ دھونی نے کہا کہ کوہلی ایسے بلے باز ہیں جو تیزی کے ساتھ رنز اسکور کرتے ہیں۔ اگر کوئی اور بلے باز 3 نمبر پر اچھا کھیل رہا ہو تو کوہلی کو 4 نمبر پر سہولت ہے ایسے میں ٹیم اس کو برقرار بھی رکھ سکتی ہے ۔
تاہم کل یہ پہلی مرتبہ کا تجربہ تھا اور آگے سوچا جائیگا ۔ کل نمبر 3 پر کوہلی کی بجائے امباٹی رائیڈو کو موقع دیا گیا تھا جنہوں نے قابل قدر 32 رنز اسکور کئے تھے ۔ ہندوستان کے دونوں اوپنرس بہت جلدی آوٹ ہوگئے تھے ۔ دھونی نے بھی کل نصف سنچری اسکور کی تھی ۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ اپنے بیٹنگ آرڈر سے خوش ہیں۔ ان کا ماننا ہے کہ ٹیم کے سب سے زیادہ تجربہ کار بلے باز اگر 6 اور 7 نمبر پر بیٹنگ کریں تو یہ ٹیم کیلئے اچھا ہوتا ہے ۔ اس حکمت عملی سے ویراٹ کوہلی کا نمبر بدلنے میں بھی سہولت ہوئی اور جب وہ میدان پر آئے تو بورڈ پر کچھ رنز تھے جس سے کوہلی پر دباؤ نہیں رہا ۔ انہوں نے کہا کہ اس سے امباٹی رائیڈو کو بھی سنبھلنے کا موقع مل گیا تھا اور اس کے نتیجہ میں اپوزیشن کی حکمت عملی بھی متاثر ہو کر رہ گئی ۔ ہندوستان نے کل کے میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 263 رنز اسکور کئے تھے اور ایک موقع پر ویسٹ انڈیز نے دو وکٹ پر 170 رنز اسکور کرلئے تھے تاہم مین آف دی میچ محمد سمیع نے شاندار بولنگ کی اور 36 رنوں کے عوض چار وکٹس حاصل کئے جس کے نتیجہ میں ٹیم کو کامیابی مل سکی ۔ دھونی نے کہا کہ سمیع نے بہترین بولنگ کی ہے اور ان کا ساتھ امیت مشرا اور رویندر جڈیجہ میں بھی خوب دیا جس سے ٹیم کو کامیابی حاصل کرنے میں مدد ملی ہے ۔