سبینا پارک ’نتیجہ خیز میچ‘ ، ہندوستان کو دوسری کامیابی کی اُمید: کوہلی
کنگسٹن۔ 30 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی ٹسٹ کرکٹ کے کپتان ویراٹ کوہلی نے کہا ہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹسٹ کیلئے مقرر نتیجہ خیز سبز پچ پر ان کے بیٹسمین کو مزید ذمہ داری سے کام لینا چاہئے۔ کوہلی نے کہا کہ دورہ کنندہ بیٹسمین سبینا پارک پر ویسٹ انڈیز کے بولرس کے پیس اور باؤنس سے کافی اچھے طریقہ سے نمٹ سکتے ہیں۔ ان کی ٹیم اینٹیگا میں 92 رنز سے کامیابی کے بعد اب چار ٹسٹ میچوں کی سیریز میں دوسرا میچ بھی جیت کو صفر کے مقابلے دو سے سبقت حاصل کرنا چاہتی ہے۔ کوہلی نے مزید کہا کہ ’’ہمیں خوشی ہے کہ وکٹ میں کچھ باؤنس اور بھرتی ہے۔ اینٹیگا میں بھی اچھا خاصہ باؤنس رہا جس سے ہمیں زیادہ رنز بنانے میں مدد ملی۔ یہ (سبینا پارک) بھی ایک نتیجہ خیز گراؤنڈ ہے اور وہاں پر اچھے کھیل کیلئے ہم بے چین ہیں۔ ظاہر ہے کہ یہاں اس محنت و توجہ کی زیادہ ضرورت ہے جس کا ہم اینٹیگا میں مظاہرہ کرچکے ہیں۔ بیٹسمین کو اپنا کام کرنے کیلئے بھرپور توجہ کے ساتھ مزید ذمہ داری قبول کرنے کی ضرورت ہے‘‘۔