بیٹسمینس شکست کے ذمہ دار:کوہلی

اینٹیگا۔3 جولائی (سیاست ڈاٹ کام )ہندوستانی کرکٹ ٹیم کی بیٹنگ کوچ سنجے بانگر اور کپتان ویراٹ کوہلی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف چوتھے ون ڈے میں 11 رنز کی قریبی شکست کے لئے بیٹسمینوں کے خراب شاٹس کے انتخاب کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے ۔ہندوستان کو مقررہ50 اووروں میں190 رنز کے آسان نشانہ کا تعاقب کرنا تھا لیکن مہمان ٹیم دو گیندیں باقی رہتے ہوئے178 پر ہی آل آؤٹ ہو گئی اور اس نے میچ جیت کر سیریز پر قبضہ کرنے کا موقع بھی گنوا دیا۔ اس میچ میں بھی اوپنر اجنکیا رہانے اورمہندر سنگھ دھونی نے اپنی نصف سنچریوں سے ٹیم کو بہتر موقف میں پہنچایا تھا لیکن نچلی صف کے کھلاڑی درکار رنوں کا اضافہ نہ کر سکے ۔فی الحال سیریز2-1 پر ہے اور آخری میچ میں ہندوستان کے پاس جیت اور ویسٹ انڈیز کے پاس سیریز ڈرا کرنے کا موقع رہے گا۔ کوہلی نے میچ کے بعد صحافیوں سے کہا کہ ہم نے بہترین بولنگ کی اور ویسٹ انڈیز کو صرف 189 پر روک دیا لیکن ہمارے بیٹسمنیوں نے خراب شاٹس کھیلے اور ہم نے اہم وقت پر وکٹ گنوائے ۔انہوں نے کہا ویسٹ انڈیز کے بولروں کی کارکردگی قابل تعریف تھی، جنہوں نے کئی ڈاٹ گیندیں ڈال کر ہم سے غلطیاں کروائیں۔ پچ پر الگ سی تیزی تھی اس کے علاوہ پچ ٹھیک تھی۔