بدبو کی وجہ سے پتہ چل سکا ، قاتل شوہر کی شناخت
حیدرآباد /16 جون ( سیاست نیوز ) بیگم پیٹ علاقہ میں ایک شخص نے اپنی بیوی کا بے رحمانہ انداز میں قتل کرنے کے بعد اس کی نعش کو ایک کار میں بند کردیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ آج علاقہ میں بدبو کے بعد پولیس نے کار کی جانچ کی اور اس کار سے خاتون کی نعش کو برآمد کرلیا ۔ پولیس نے تھوڑی ہی دیر بعد اس خاتون کی شناخت اور قاتل کی بھی شناخت کرلی ۔پولیس ذرائع کے مطابق 35 سالہ پدما جو پرشانت نگر علاقہ کے ساکن نرسمہا کی بیوی تھی اس خاتون کا شوہر ہی نے بے رحمی سے قتل کردیا ۔ قتل دو دن قبل میاں بیوی میں بحث و تکرار کے بعد پیش آیا ۔ نرسمہا نے اپنی بیوی پدما کا قتل کرنے کے بعد اس کی نعش کو علاقہ میں موجود کار کے اندر رکھ دیا اور کار کے شیشوں پر کارٹون ڈال دیا تاکہ کار کے اندرونی حصہ کا کسی کو نظارہ نہ ہوسکے ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس کار سے بدبو آنے کے بعد پولیس کو اطلاع ملی اور پولیس نے تحقیقات کا آغاز کردیا ۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ پدما کا قتل اس کے شوہر نرسمہا ہی نے کیا ہے ۔ ان کا تعلق ضلع رنگاریڈی علاقہ تانڈور منڈل کے مشیرآباد سے ہے ۔ ان کے بچے اپنے آبائی مقام پر ایک ہاسٹل میں زیر تعلیم ہیں جبکہ یہ میاں بیوی یہاں کچرہ چنتے تھے ۔ نرسمہا شراب کے نشہ کا عادی تھا اور اکثر نشہ کی حالت میں اپنی بیوی کو مارپیٹ کرتا تھا ۔ پولیس بیگم بیٹ مصروف تحقیقات ہے ۔