بیوی کے قاتل شوہر کی خودکشی

حیدرآباد 10 اکٹوبر (سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقہ رین بازار میں ایک شخص نے اپنی بیوی کا قتل کرنے کے بعد خودکشی کرلی۔ یہ واقعہ رین بازار کے علاقہ حفیظ نگر تالاب کٹہ میں پیش آیا جہاں 35 سالہ سید جعفر نے اپنی بیوی 32 سالہ نازیہ بیگم کا بے رحمی سے قتل کردیا اور خود پھانسی لے کر خودکشی کرلی۔ انسپکٹر رین بازار مسٹر رمیش کے مطابق سید جعفر پیشہ سے خانگی ملازم تھا۔ نازیہ اور جعفر کی شادی تقریباً 15 سال قبل ہوئی تھی جس نے کل رات وزنی شئے سے حملہ کرتے ہوئے اپنی بیوی کو ہلاک کردیا اور بیوی کی موت کے بعد خود پھانسی لے کر خودکشی کرلی۔ کل رات دونوں میاں کے درمیان جھگڑا ہوا تھا جو ان کے لئے عام بات تھی۔ ان کی دو لڑکیاں اور دو لڑکے تھے جو اس وقت پولیس کے مطابق مکان میں تھے اور حالت نیند میں تھے۔ جعفر کی عادتیں میاں بیوی کے درمیان جھگڑے کی اہم وجہ تھیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق جعفر اکثر نشہ کی حالت میں مکان پہونچتا تھا اور اس عادت کو بیوی نازیہ بیگم پسند نہیں کرتی تھی۔ سابق میں ان دونوں میاں بیوی کے درمیان زبردست جھگڑا ہوا تھا اور جعفر نے اپنی بیوی پر قاتلانہ حملہ بھی کیا تھا جس کے تحت بھوانی نگر پولیس میں کیس درج کرتے ہوئے کارروائی کی گئی۔ تاہم اس مقدمہ میں جعفر بری ہوگیا تھا اور اس نے بیوی کو پرسکون ماحول فراہم کرنے کا بھروسہ دلاتے ہوئے اپنے ساتھ لے آیا تھا۔ لیکن شراب کی عادت ان دونوں کے درمیان جھگڑے کا سبب بنی اور ان کا گھر تباہ ہوگیا۔ پولیس نے قتل کا ایک اور مشتبہ حالت میں موت کا ایک دو مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہیں۔